آج ہمارے ذہن میں خیال آیا کیوں ناں “بہترین اردو بلاگ” کے ایوارڈ کا اجرا کیا جائے۔ اس طرح ہو سکتا ہے موجودہ بلاگرزاور نئے لکھنے والے اردو بلاگنگ کی ترویج و ترقی کیلیے مزید جوش و خروش کا مظاہرہ کریں۔ بہترین بلاگ کو چننے کیلیے ہمارے ناقص ذہن میں سروے کا طریقہ ہی آیا ہے۔ یعنی تمام بلاگز کو سروے میں ڈال دیا جائے اور سب سے ووٹ کرنے کیلے کہا جائے۔ ایک مقررہ میعاد میں جس کو بھی زیادہ ووٹ ملیں اسے سال کے بہترین بلاگ کے ایوارڈ کا حق دار قرار دے دیا جائے۔ اس سروے پر اگر ووٹنگ خفیہ رکھی جائے تو زیادہ مناسب رہے گا۔ ہمارے پاس جو سروے ہے اس میں ایسی کوئی آپشن نہیں ہے۔ اس لیے ہم تو اسے خفیہ نہیں رکھ پائیں گے اب پتہ نہیں یہ طریقہ ٹھیک رہے گا یا نہیں۔ اگر کسی کے پاس اس سے بہترین آئیڈیا ہو تو ہم اس کو بھی اپنا سکتے ہیں۔

 فی الحال چونکہ اردو بلاگز کی تعداد بہت کم ہے اس لیے یہ ایوارڈ ہم صرف ایک کیٹیگری میں ہی دیں گے۔ اگر مستقبل میں اردو بلاگز زیادہ ہوگئے تو پھر اسے مختلف شعبوں میں تقسیم کیا جاسکے گا۔

قارئین اور ساتھی بلاگرز اس مد میں ہماری رہنمائی کرسکیں تو ہم شکر گزار ہوں گے۔ اس ایوارڈ کیلے ایک مونوگرام کی بھی ضرورت پڑے گی۔ یہ مونوگرام بنانے میں اگر ساتھی بلاگر یا قاری ہماری مدد کردیں تو ان کا نام بھی شہیدوں میں لکھ دیا جائےگا۔

 ہماری خواہش ہے کہ یہ ایوارڈ اردو سیارہ سے لانچ کیا جائے لیکن اگر وہ اس ذمہ داری کو نہیں لیتے تو پھرہم اپنے بلاگ پر اسے لانچ کردیں گے۔

آپ کی آرا کا انتظار رہے گا۔  آرا کا انتظار کرنے اور انہیں پرکھنے کے بعد ہم پندرہ دن میں اس ایوارڈ کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔