ابھی اسمبلی میں کیری لوگر بل پر بحث مکمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ وزیرخارجہ امریکی انتظامیہ سے ملاقات کیلیے امریکہ چلے گئے۔ ابھی ادھر اسمبلی میں اس بل پر بحث جاری ہے اور ادھر وزیرخارجہ شاہ محمود کی کوششوں سے امریکہ نے بل میں وضاحتی بیان کا اضافہ کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ اس کے بعد صدر اوبامہ اس بل پر دستخط کر دیں گے۔

اخبار خبریں نے کیری لوگر بل کا متن اپنی سائٹ پر جاری کر دیا ہے۔ اگر عام آدمی کی نظر سے موجودہ کیری لوگر بل کو پڑھا جائے تو  صاف پتہ چلتا ہے کہ رقم کی ادائیگی چند شرائط کی بنیاد پر ہو گی اور اگر یہ شرائط پوری نہ کی گئیں تو امداد روک دی جائے گی۔ جب تک صدر اس بل کو بناں دستخط کئے واپس نہ کریں اور امریکی سینٹ اور کانگریس اس بل میں ترامیم نہ کریں، وضاحتی بیان سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وضاحتی بیان اسی طرح عام آدمی کو بیوقوف بنانے کیلیے ہے جس طرح مسلم لیگ ن کے سربراہ اس بل پر کوئی بیان نہ دے کر بیوقوف بنا رہے ہیں۔

کیا یہ وضاحتی بیان ہماری فوج، اے این پی اور ایم کیو ایم کو بھی بیوقوف بنا رہا ہے یا پھر وہ لوگ اس بل کو من و عن قبول کرنے پر راضی ہو چکے ہیں۔ جدید دور میں اس طرح عام آدمی کو بیوقوف بنانا آسان نہیں ہے۔ بیوقوف وہی بنتا ہے جس کا بیوقوفی میں فائدہ ہو گا وگرنہ سب کو معلوم ہوتا ہے کہ کیا ہو رہا ہے۔