یاہو کی اس خبر نے تو ہمیں بہت کچھ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر نیال فرگوسن کیمطابق امریکی سلطنت تنزلی کا شکار ہے۔ اس سے پہلے بھی لوگوں نے اس طرح کی پشین گوئیاں کیں مگر وہ غلط تھیں لیکن پروفیسر کہتا ہے “اب ایسا ہونے جا رہا ہے۔ اگر امریکہ نو ٹریلین ڈالر اپنے معاشی سسٹم کو بچانے کیلیے ادھار مانگ رہا ہے اور پہلے ہی آدھا ادھار دوسرے ممالک کا ہے تو پھر وہ سپر پاور کیسے رہ پائے گا”۔

پروفیسر نے موجودہ امریکی صورتحال کو سترہویں صدی کی سلطنت اسپین اور بیسویں صدی کی سلطنت برطانیہ کے برابر قرار دیا ہے۔ وہ کہتا ہے سپرپاورز کبھی بھی اتنی زیادہ مقروض نہیں ہوتیں۔ 1900 میں برطانیہ کے مقابلے میں جرمن سلطنت ابھری تھی اور اب امریکہ کے مقابلے میں چینی سلطنت ابھر رہی ہے۔

پروفیسر کیمطابق چائنہ کی معیشت 2027 میں امریکہ کے برابر ہو جائے گی تب چائنہ نہ صرف معاشی لحاظ سے امریکہ کے ہم پلہ ہو جائے گا بلکہ سفارتی اور عسکری لحاظ سے بھی برابر آ جائے گا۔

پروفیسر کے بقول چائنہ کی نیوی بہت بڑی طاقت بننے جا رہی ہے۔ جس طرح سٹریٹفرڈ یونیورسٹي کے پروفیسر فریڈمین نے چائنہ کی نیوی کو بہت بڑا خطرہ قرار نہیں دیا اسی طرح تب برطانوی ماہر بشمول ونسٹن چرچل جرمن عسکری ترقی کو بڑا خطرہ قرار نہیں دیتے تھے۔

پروفیسر یہ نہیں مانتا کہ تیسری عالمی جنگ شروع ہونے والی ہے مگر وہ چائنہ کو ایک ابھرتی ہوئی عسکری طاقت دیکھ رہا ہے اور سمجھتا ہے کہ ایک دن چائنہ معاشی پارٹنر ہونے کی بجائے مقابلے پر آ جائے گا۔

یاہو کی اس خبر میں پروفیسر امریکی ڈالر کے ڈوبنے کا بھی اشارہ دے رہا ہے۔ وہ کہتا ہے بہت جلد امریکی ڈالر عالمی کرنسی نہیں رہے گا۔ بقول اس کے یہ ایک لمبا پروسیس ہے مگر جس طرح برطانوی پاؤنڈ نے عالمی کرنسی کا اعزاد کھویا اسی طرح ڈالر بھی عالمی کرنسی نہیں رہے گا بلکہ مستقبل میں ایک سے زیادہ عالمی کرنسیاں ہوں گی۔

ہمارا تبصرہ:۔

سوچنے والی بات ہے ہمارا کیا بنے گا جو امریکہ میں رہ رہے ہیں اور پاکستانی سیاستدانوں کا کیا بنے گا جن کی ساری انویسٹمنٹ ہی امریکی ڈالروں میں ہے۔ ہم تو ابھی تک یہی سمجھتے رہے ہیں کہ امریکہ جنگل کا شیر ہے اور جب جنگل کو آگ لگے گی تو سب سے پہلے بندر، گیدڑ اور لومڑ اس کی لپیٹ میں آئیں گے۔ ہمیں نہیں معلوم تھا کہ یہ آگ شیر کو بھی آنکھیں دکھانا شروع کر دے گی۔

یہ خبریں پڑھ کر امید ہے پاکستانی حکمران اور حزب اختلاف دونوں مستقبل کے بارے میں فکرمند ہوں گے اور ابھی سے اپنے آقا بدلنے کے بارے میں سوچنا شروع کر دیں گے۔