اس دفعہ ہمارا بلاگ دوبارہ فعال ترین بلاگ کیلیے نامزد ہوا اور منظرنامہ والوں نے ایک اچھے اور صاف ستھرے انداز سے ووٹنگ کرانے کا حق ادا کر دیا۔ ہماری کیٹیگری میں ہمارا مقابلہ افتخار اجمل صاحب اور عنیقہ ناز صاحبہ کیساتھ تھا۔ ہم اپنی ہار تسلیم کرتے ہوئے افتخار اجمل صاحب کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں اور امید ہے ہماری تقلید میں اگلے ضمنی الیکشن ہارنے والے امیدوار قومی اسمبلی کے کامیاب امیدواروں کو ضرور مبارکباد دیں گے مگر شرط یہ ہے کہ حکومتِ وقت یہ انتخابات منظر نامہ والوں کی طرح شفاف طریقے سے کرائے۔

افتخار اجمل صاحب جس تواتر اور عمدگی سے لکھ رہے ہیں یہ ان کا حق بنتا تھا کہ وہ یہ مقابلہ جیتیں۔ پچھلے کچھ عرصے سے انہوں نے اپنے بلاگ پر سیاست کی بجائے نوجوانوں کی تربیت کا سامان مہیا کرنا شروع کر دیا ہے اور یہ سلسلہ پسند بھی کیا جا رہا ہے۔ عنیقہ ناز صاحبہ نے کم عرصے میں جس طرح کامیابیاں حاصل کی ہیں ان سے لگتا ہے وہ اگلے سال ضرور کوئی نہ کوئی ایوارڈ جیت لیں گی۔ انہیں یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے کہ ان کا بلاگ ایک سے زیادہ کارکردگیوں کیلیے نامزد ہوا اور وہ مقابلے میں واحد خاتون امیدوار تھیں۔ اگر ہو سکے تو منظرنامہ والے اس انفرادی کارکردگی پر عنیقہ ناز صاحبہ کو خصوصی ایوارڈ سے نواز سکتے ہیں۔

یہ تو سب مانتے ہیں کہ سب سے بڑا ایوارڈ بہترین بلاگ کا تھا اور اس کیٹیگری میں مقابلہ بھی خوب ہوا۔ راشد صاحب کے ہارنے کی وجہ شاید ان کا کم لکھنا ہے۔ ہاں ڈفر صاحب نے جس مختصر عرصے میں جو کامیابی حاصل کی ہے وہ ہماری موجودہ حکومت کیلیے مشعلِ راہ ہے۔ اگر حکومت چاہے تو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کیلیے ڈفر صاحب سے مشاورت کر سکتی ہے۔

بہترین نئے بلاگ کی کیٹیگری میں بھی مقابلہ خوب رہا اور حسبِ توقع جعفر صاحب جیت گئے۔ ان کے جیتنے کی سب سے بڑی وجہ ان کا منفرد اندازِ تحریر ہے۔ ان کی کھانا پکانے کی تراکیب ان کیلیے بہت معاون ثابت ہوئیں۔ امید ہے وہ اس کیٹیگری میں کبھی کبھار لکھتے رہیں گے۔

ایک تجویز ہے جس میں خودغرضی کی بو تو آئے گی مگر ہے بہت اچھی۔ منطر نامہ والے اگر ایوارڈ ز میں نامزد بلاگرز کیلے کوئی سانچہ بنا دیں تو اس سے دو فائدے ہوں گے۔ ایک نئے لکھنے والوں کو بلاگ بنانے کی تحریک ملے گی اور دوسرے ان ایوارڈذ کی مشہوری بھی ہو گی۔ اس طرح اگلے ایوارڈز میں ووٹ زیادہ پڑنے کے امکانات بڑھ  جائیں گے۔

ایک تجویز ایوارڈ کے بارے میں بھی سوجھی ہے یعنی ہر ایوارڈ پر ایوارڈ جیتنے والے بلاگر یا ان کے بلاگ کا نام کندہ کر دیا جائے تو کیسا لگے گا۔