جب سے شعیب ملک نے ثانیہ مرزا سے شادی کا اعلان کیا ہے وہ دونوں ایک مصیبت میں پھنس گئےہیں۔ شعیب ملک اس بندھن کو ٹوٹنے سے بچانے کیلیے حیدرآباد پہنچ چکے ہیں۔ ادھر ان کی پہلی بیوی ہونے کی دعویدار عائشہ صدیقی نے ان کیخلاف تھانے میں رپٹ درج کرا دی ہے۔ اب وہ فی الحال حیدرآباد نہیں چھوڑ سکتے۔ آج انہوں نے اپنی ہونے والے بیوی کیساتھ پریس کانفرنس کی ہے مگر لگتا ہے شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی مصیبت آسانی سے ٹلنے والی نہیں کیونکہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے۔

شعیب کی عائشہ صدیقی سے نکاح کی خبر پہلے بھی منظرعام پر آئی تھی مگر اس وقت کوئی خاص مقبولیت حاصل نہ کر سکی۔ پہلے تو شعیب اس نکاح سے انکار کرتے رہے اور یہ بھی کہتے رہے کہ وہ عائشہ سے ملے تک نہیں۔ اب وہ کہتے ہیں کہ نکاح پر ان کے دستخط ہیں مگر جس لڑکی سے ان کا فون پر نکاح ہوا وہ عائشہ صدیقی نہیں ہے۔ اب وہ یہ بھی کہ رہے ہیں کہ نکاح نامہ ہی جعلی ہے۔

اس سارے قضیے کا اگر جائزہ لیا جائے تو شعیب ملک انتہائی جاہل، انپڑھ اور گنوار معلوم ہوتا ہے جس نے اپنے کرکٹ کیریئر کو داؤ پر لگا کر عام پاکستانیوں کی طرح اپنا بہت سارا وقت انٹرنیٹ پر لڑکیوں سے میل جول بڑھانے میں صرف کیا۔ حتی کہ اس نے نکاح بھی کر لیا اور بقول اس کے لڑکی کو دیکھے بغیر۔ اس کے ساتھی کرکٹر عبدالرزاق نے شعیب ملک کیساتھ پوری ٹیم کا عائشہ صدیقی کے گھر جانے کا انکشاف کر کے اس کا یہ جھوٹ بھی پکڑ لیا ہے۔

اس مسئلے کا حل کوئی اتنا مشکل بھی نہیں ہے۔ اگر عائشہ صدیقی واقعی اس کی بیوی ہے اور اس کیساتھ ہمبستری کر چکی ہے تو وہ شعیب ملک کے جسم پر ایسے خفیہ نشانات کی نشاندہی کر سکتی ہے جو کوئی اور نہیں دیکھ سکتا۔ ہماری کرکٹ ٹيم کے بہت سارے کھلاڑی اس گتھی کو سلجھانے میں مدد کر سکتے ہیں کیونکہ وہ لازمی شعیب ملک کے اس معاشقے سے آگاہ ہوں گے۔ اگر عائشہ صدیقی اور اس کے گھر والوں کے پاس شعیب سے ملنے کی ویڈیوز ہوں تو وہ انہیں منظرعام پر لا سکتے ہیں۔ شعیب ملک کی ٹیلی فون کالز، ای میلز اور چیٹنگ کا ریکارڈ گواہی کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ جس رجسٹر کا یہ نکاح نامہ ہے اس کے رجسٹرار اور نکاح خواں کی گواہی پیش کی جا سکتی ہے۔ عائشہ کی سہیلیاں گواہ بن سکتی ہیں۔ عائشہ اپنی فون کالز، ای میلز اور چیٹنگ کا ریکارڈ پیش کر سکتی ہے۔ یعنی اگر کوئی چاہے تو جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں بڑی آسانی سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر سکتا ہے۔

خرم صاحب کے تبصرے کے بعد ہم نے حسب حال کی ویڈیو یو ٹیوب پر بھی ڈھونڈ لی ہے جس میں شعیب کی مشکلات کا حل بتایا ہے۔