شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی نے پچھلے کئی ہفتوں سے دھوم مچا رکھی ہے۔ شعیب اور ثانیہ مرزا نے جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق جدید طرز پر اپنی شادی کی۔ یعنی شادی سے پہلے دونوں گھومتے پھرتے نظر آئے، شعیب شادی سے کئی روز قبل ہی ثانیہ مرزا کے گھر چلے گئے۔

اگر شعیب ملک تھوڑے سے سیاسی ذہن کے ہوتے تو اس شادی کو مشرقی انداز میں رچا کر اپنا مستقبل مزید تابناک بنا سکتے تھے۔ ویسے بھی اگر یہ شادی روائتی انداز سے ہوتی تو لوگ زیادہ انجوائے کرتے۔ یعنی شعیب ملک کی مہندی پہلے سیالکوٹ میں ہوتی پھر ان کا خاندان ثانیہ مرزا کے گھر مہندی لے کر جاتا ۔ بارات باقاعدہ سیالکوٹ سے روانہ ہوتی۔ ڈھول کی تال پر رقص ہوتے، شعیب سہرا باندھے گھوڑے پر بیٹھتے اور اس کے بعد بھارت روانہ ہوتے۔ انڈیا میں بارات کا استقبال ہوتا، نکاح ہوتا، کھانے کے بعد رخصتی ہوتی اور شعیب اپنی دلہن لے کر پاکستان پہنچتے۔ اگلے دن سیالکوٹ کے کرکٹ سٹیڈیم میں ولیمہ ہوتا۔ اس طرح میڈیا کے سامنے تمام رسومات انجام پاتیں اور یہ شادی ہمیشہ کیلیے یادگار بن جاتی۔