رشوت لینے اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں مگر اس حدیث کو چھٹی جماعت سے جاننے کے باوجود ہمارا معاشرہ رشوت خوری میں بہت ترقی کرتا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ صرف اور صرف یہی ہے کہ لوگوں کا ایمان کمزور ہوتا جا رہا ہے یعنی انہیں قرآن اور احادیث پر یقین نہیں رہا۔

لیکن معاشرے میں ابھی بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو رشوت کی اس لعنت کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان میں گوجرانوالہ ڈویژن کے ایک اعلی پولیس افسر آر پی او ذوالفقار چیمہ ہیں۔ جاوید چوہدری کے کالم کیمطابق چیمہ صاحب نے گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام تھانوں میں رشوت ختم کرنے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ اس مہم کی کامیابی کیلیے حکومت کو چیمہ صاحب کی مدد کرنا ہو گی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ اور عدلیہ کی تنخواہیں اتنی بڑھا دے کہ انہیں رشوت لینے کی ضرورت نہ رہے۔ ہم جانتے ہیں کہ پچھلے کچھ عرصہ سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے مگر مہنگائی جس رفتار سے بڑھی ہے اس نے تنخواہوں کے اضافے کو غیرموثر بنا دیا ہے۔

چیمہ صاحب نے اگر اس مہم کو کامیاب بنانا ہے تو انہیں اپنے اینٹی کرپشن محکمے کی کارکردگی کو بھی بہتر بنانا ہو گا۔ اس کیلیے ضروری ہے کہ چیمہ صاحب اس محکمے میں بھی ایسے ہی اقدامات کریں جس طرح وہ تھانوں میں کر رہے ہیں۔ ویسے اگر حکومت انتظامیہ اور عدلیہ کی تنخواہیں نہیں بڑھا سکتی تو پھر کم از کم اینٹی کرپشن محکمے کی تنخواہیں اتنی کر دے کہ وہ اپنی ڈیوٹی ایمانداری سے انجام دے سکیں۔ اس طرح وہ رشوت لینے والے افسروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ سکیں گے۔ اینٹی کرپشن کا محکمہ پولیس کا محکمہ نہیں ہونا چاہے بلکہ اسے پولیس سے الگ کر دیا جائے تا کہ وہ اپنے پیٹی بند بھائیوں کی طرفداری نہ کر سکیں۔

پچھلے دنوں امریکہ کی ریاست مشی گن میں ہوم کیئر کے کاروبار میں خوب گھپلے ہوئے اور ریاستی حکومت کو جب اس کرپشن کا پتہ چلا تو اس نے ایف بی آئی کے ریٹائرڈ آفیسرز کمیشن پر بھرتی کر لیے۔ اب وہ افسر ہوم کیئر کے ہر کاروبار کا آڈٹ کرتے ہیں اور جتنا بڑا گھپلا وہ پکڑتے ہیں انہیں اتنا بڑا کمیشن ملتا ہے۔ اگر حکومت اینٹی کرپشن کے محکمے کی بھی تنخواہیں بڑھانے سے قاصر ہے تو کم از کم وہ انہیں کمیشن کا لالچ دے سکتی ہے۔ وہ جتنے رشوت کے کیس پکڑیں گے انہیں اتنا ہی کمیشن ملے گا۔

ہم چیمہ صاحب کیلیے دعا گو ہیں کہ خدا انہیں اپنے مقصد میں کامیاب کرے اور وہ جہاں بھی جائیں اس مہم کو جاری رکھیں۔ امید ہے ان کی تقلید میں دوسرے پولیس آفیسرز بھی رشوت خوری کیخلاف اس طرح کی مہمات شروع کریں گے اور معاشرے سے رشوت کے ناسور کا خاتمہ کرنے میں ممدومعاون ثابت ہوں گے۔