ہماری موجودہ مخلوط حکومت میں پی پی پی، اے این پی، ایم کیو ایم، جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ جیسی بڑی پارٹیاں شامل ہیں۔ اگر صدر زرداری پر جوتا مارے جانے کی خبر پر حکومت جیو ٹی وی چینل بند کر دیتی ہے اور اس کے جیالے جنگ اخبار اور جیو چینل کا گھیراؤ جلاؤ کرتے ہیں تو کیا اتحادی بھی اسی جرم میں شامل سمجھے جائیں گے؟ کیا اتحادیوں کا یہ فرض نہیں بنتا کہ وہ اس زیادتی کیخلاف پی پی پی پر دباؤ ڈالیں اور انہیں اپنا فیصلہ واپس لینے پر مجبور کریں۔ کیا اتحادیوں کی خالی بیان بازی یعنی پی پی پی کے اس اقدام کو زیادتی کہ کر خاموش ہو جانا کافی ہو گا؟

ہم اتحادی حکومت کے سارے سٹیک ہولڈرز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پی پی پی پر اتنا دباؤ ڈالیں کہ حکومت اپنا  فیصلہ واپس لینے پر مجبور ہو جائے۔ اگر حکومت پھر بھی نہ مانے تو اتحادیوں کو حکومت سے الگ ہو جانا چاہیے۔ اگر اتحادیوں نے یہ دونوں انتہائی اقدامات نہ اٹھائے تو ہم سمجھیں گے کہ وہ بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔