کچھ روز سے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور اس کے ارد گرد جاری لڑائی کی خبریں آرہی ہیں اور کہا جارہا ہے کہ یہ لڑائی مقامی قبائلیوں اور غیرملکی دہشت گردوں کے درمیان ہورہی ہے۔ روزانہ دونوں فریقین کے نقصانات کا تخمینہ پیش کیا جا رہاہے۔ ان خبروں کو پڑھ کر ایسے ہی لگتا ہے کہ یہ لڑائی پاکستان کے پڑوسی ملک میں ہورہی ہے جس کا پاکستانی حکومت دور سے جائزہ لے رہی ہے۔ بعد میں یہ بھی خبر آئی کہ پاکستانی حکومت مقامی قبائل کی امداد کررہی ہے اور غیرملکی دہشت گردوں کی ہلاکت پر خوشی منارہی ہے۔ غیرملکی دہشت گرد دراصل وہ ازبک مسلمان ہیں جو روسی مزاحمت کیخلاف افغانستان میں لڑے اور بعد میں یہیں بس گئے۔ انہوں نے یہیں شادیاں کرلیں اور اب وہ اپنی اپنی فیملیوں کے ساتھ پرسکون طریقے سے رہ رہے تھے کہ مقامی لوگوں کو ان کی موجودگی ایک دم کھٹکی اور انہیں یہاں سے چلے جانے کا حکم دے دیا۔ ہرکوئی یہی سوچے گا کہ ازبک مسلمان جو وہاں کی آبادی ميں رچ بس گئے ہیں اب بیس سال بعد کہاں جائیں۔ اگر وہ واپس جاتے ہیں تو ان کی حکومت انہیں گرفتار کر کے جیل میں ڈال دے گی اور اگر وہ یہاں رہتے ہیں تو پاکستانی حکومت کو وہ قبول نہیں ہیں۔ یہ بات بھی قابل غور ہے کہ جب تک طالبان کی حکومت رہی تب تک یہ ازبک پاکستان کیلئے خطرہ نہیں تھے۔ لیکن جونہی طالبان کو اتحادیوں نے ماربھگایا اور شمالی اتحاد والوں نے حکومت قائم کرلی تو اتحادیوں کے دباؤ کی وجہ سے یہی ازبک پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے۔

اس وقت وہ غیرملکی مسلمان واپس اپنے اپنے ملک جا کر اپنی حکومتوں کے ہاتھوں ذلیل ہونے کی بجائے یہیں مرنے کو ترجیح دینے پر مجبور ہوچکے ہیں اور اسی لئے ان کے پاس اپنی جان بچانے کیلئے مقامی قبائلیوں جن کی پاکستانی حکومت پشت مناہی کررہی ہے کیساتھ نبرد آزمائی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔

اس جنگ میں اب تک دونوں اطراف کا  سو سے زیادہ جانی نقصان ہوچکا ہے۔ حکومت چونکہ جدید اسلحے سمیت مقامی قبائل کی مدد کرہی ہے اسلئے لازمی امر ہے کہ پاکستانی جوان بھی اس لڑائی میں کام آرہے ہوں گے جن کا ذکر تک نہیں کیا جارہا۔ اس لڑائی پر اتحادی اسلئے خوش ہیں کہ مسلمان آپس میں لڑ بھڑ کر ختم ہورہے ہیں۔ اتحادیوں کو نہ مقامی قبائل سے ہمدردی ہے اور نہ غیرملکیوں سے۔ ان کیلئے دونوں ہی دہشت گرد ہیں اسلئے دونوں فریقوں کا جتنا بھی نقصان ہو اتحادیوں کے فائدے میں ہے۔ اس لڑائی کو آپ عراق ایران کی لڑائی کا ٹریلر بھی کہ سکتے ہیں۔جس طرح ایران عراق کی دس سالہ لڑائی میں لاکھوں لوگ شہید ہوئے اور جب وہ تھک ہار گئے تو اتحادیوں نے ایک ملک پر قبضہ کرلیا۔ یہی کچھ پاکستانی حکومت کا ارادہ ہے جب دونوں فریق لڑ لڑ کر کمزور ہوجائیں گے تو حکومت کو جہاں بچ رہنے والے غیر ملکیوں کو نکالنے میں آسانی ہوگی وہیں وزیرستان پر قبضہ بھی آسان ہوجائے گا۔

ابھی تک تو ہمارا میڈیا اس لڑائی کو زبانی کلامی دکھا رہا ہے نہ کسی نے کوئی فوٹو چھاپی اور نہ ہی کوئی ویڈیو کیمرہ لے کر اس لڑائی کی فلمبندی کرنے گیا ہے تاکہ وہ ٹی وی پر اس جنگ کے مناظر دکھا سکے۔ حکومت بھی اس لڑائی کو اسی طرح لے رہی ہے جیسے وزیرستان پاکستان میں شامل نہیں ہے اور وہاں کے قبائلی کسی دوسرے ملک کے باشندے ہیں۔

حکومت کی یہ ترکیب اتحادیوں کو تو فائدہ پہنچا سکتی ہے مگر پاکستان کیلئے سرا سر نقصان دہ ہے۔ پتہ نہیں حکومت اس لڑائی سے سر عام لاتعلقی ظاہر کرکے دوسرے قبائل کو کیا پیغام دینے کی کوشش کررہی ہے۔ ایک طرف تو حکومت کی خواہش ہے کہ سارے قبائلی علاقوں پر پاکستانی انتظامیہ کا کنٹرول قائم ہوجائے اور دوسری طرف لاتعلقی دکھا کر ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ قبائلیوں کی جان و مال کی اس کو کوئی پرواہ نہیں ہے۔ کیا یہ پیغام دے کر پاکستنی حکومت پھر بھی خیال کرے گی کہ قبائلی اس کے دائرہ اختیار میں آجائیں گے؟ اگر یہ حکومت کی سوچ ہے تو غلط ہے۔