یہ میرا پاکستان ہے جس کا وزیراعظم سزا یافتہ ہے۔ جس کے وزیرداخلہ پر توہین عدالت کا کیس چلنے والا ہے۔ جہاں بجلی اور گیس کے بحران نے مقامی صنعت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ جہاں گرمی کی شدت سے لوگ بے حال ہو رہے ہیں۔ جہاں کے میڈیا کو ٹاک شوز کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔ جہاں کی فوج اپنی آنکھوں سے حکمرانوں کو لوٹ مار کرتے دیکھ رہی ہے۔ جہاں کی عدالتوں میں وزیراعظم کے بیٹے سمیت حکمرانوں پر مقدمے چل رہے ہیں۔ جہاں کی حزب اختلاف پر منی لانڈرنگ اور سپریم کورٹ پر حملے کے مقدمے بنائے جا رہےہی۔

لیکن میرا پاکستان ان تمام مسائل کے باوجود نہ صرف زندہ بلکہ اب اس کے نوجوان زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ان کا ذہن بیدار ہو رہا ہے۔ ان کو اچھے برے کی تمیز ہونے لگی ہے۔ یہی نوجوان آگے چل کر میرے پاکستان کی باگ دوڑ سنبھالنے والے ہیں۔ ہمیں سوفیصد یقین ہے کہ پاکستان میں تبدیلی آ رہی ہے۔ مانا کہ تبدیلی کی رفتار سست ہے مگر تبدیلی سے انکار کرنا اپنے آپ کو اندھیرے میں رکھنے والی بات ہو گی۔