قارئین کو یوم آزادی مبارک ہو۔
آئیں اس دن ملکر یہ دعا مانگیں
اے اللہ جو لوگ بھی پاکستان کی آزادی بیچنے کے درپے ہیں ان کو سیدھے رستے پر چلنے کی توفیق عطا فرما۔
اے اللہ جو لوگ ہمارا بجٹ غیروں کی منشا کے مطابق بناتے ہیں ان کے دل میں غریب ہموطنوں کی محبت ڈال دے۔
اے اللہ جو لوگ ملک کو لوٹ رہے ہیں ان کو اتنا سخی بنا دے کہ وہ لوٹی ہوئی رقم واپس قومی خزانے میں جمع کرا ریں۔
اے اللہ جو لوگ اشیائے خوردونوش کی ملاوٹ میں ملوث ہیں ان کی اولاد کو انہی کی بنائی ہوئی ملاوٹ شدہ خوراک سے بس اتنا جھٹکا دے کہ ان کی آنکھیں کھل جائیں۔
اے اللہ جو اپنے ہی مسلمان بھائیوں کے قتل و غارت میں ملوث میں ان کے دلوں میں رحم پیدا کر دے۔
اے اللہ جو لوگ جان بوجھ کر لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہونے دیتے ان کی عقل پر چھائے اندھیرے دور کر دے تاکہ وہ پاکستان کو روشنیوں کا ملک بنا دیں۔
ان تمام دعاوں کے باوجود ہمارا ایمان ہے کہ بناں عمل کے دعائیں قبول نہیں ہوتیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری یہ دعائیں قبول ہوں تو یوم آزادی کے دن آئیں ملکر یہ عہد کریں کہ ہم اگلے انتخابات میں نیک و پرہیزگار اور محب وطن لوگوں کو ووٹ دیں گے۔
علامہ اقبال نے قرآن کی ایک آیت کو اپنے شعر میں اس طرح بند کیا تھا۔
خدا نے آج تک اس قوم کی حالت نہیں بدلی
نہ ہو جس کو خیال آپ اپنی حالت کے بدلنے کا