ہماري قوم کو رمضان کا برکتوں بھرا مہينہ مبارک ہو۔ ہم دعا کرتے ہيں کہ اے خدا ہماري قوم کو اس مبارک مہينے ميں سارے روزے رکھنے کي توفيق عطا فرما۔ يہاں ہم بيان کرتے چليں کہ روزہ کا مطلب ہے روکنا اور روکنا صرف خوراک سے نہيں بلکہ اپنے آپ کر ہر برے کام سے روکنا۔ يعني ذخيرہ اندوزي سے روکنا، ناجائز منافع خوري سے روکنا، بےايماني سے روکنا، فراد سے روکنا، جھوٹ بولنے سے روکنا، مکّاري سے روکنا، خسد سے روکنا، غيبت سے روکنا، ٹي وی پر بے ہودہ پروگرام ديکھنے سے روکنا، کام چوري سے روکنا، کينہ پروري سے روکنا، ساس بہو کي لڑائي سے روکنا، رشوت خوري سے روکنا، سفارش سے روکنا، اقربا پروري سے روکنا اور ناانصافي سے روکنا۔
اسلۓ ہم اپنے خدا سے گڑگڑا کر دعا کرتے ہيں کہ يا اللہ ہماري قوم اور اس کے حاکموں کو ان ساري برائيوں سے بچاۓ رکھنا تاکہ ان کے روزے تمہاري بارگاہ ميں قبوليت پائيں۔ اے خدا ہمارے حاکموں جن ميں پوليس، فوج، عدليہ، وزير، ناظم، وزيرِاعظم اور صدر سارے شامل ہيں کو مکمل روزہ رکھنے کي طاقت عطا فرما۔ ہمارے حاکم اگر افطاري پر جائيں تو ان کا سچ مچ کا روزہ ہو۔ اگر وہ عام زندگي ميں شراب پيتے ہيں تو ان کي اس عادت کو اپنے پاک مہينے کي برکت سے چھڑا دے اور انہیں اس طرح کا مسلمان بنا دے جو مسلمانوں کے خير خواہ ہوں نا کہ دشمنوں کے۔ اے ربِ ذوالجلال ہماري قوم کا شعور بيدار کر دے۔ ہماري قوم کو اپنے پراۓ کي پہچان کي توفيق عطا فرما اور ہماري قوم کو ظلم کے خلاف لڑنے کي جرات عطا فرم۔
اے خدا ہميں صرف نام کا نہيں بلکہ باعمل مسلمان بنا دے اور ہميں توفيق دے کہ ہم پستي سے نکليں اور کاميابي کي منزليں طے کرتے جائيں۔