ہمیں فیس بک سے پتہ چلا ہے کہ ہمارے ایک بہت اچھے اور نیک دل بلاگر یاسر عمران مرزا کو محفل فورم اور اردو سیارہ سے شاید اسلیے بلاک کر دیا گیا ہے کہ انہوں نے قادیانیوں کے بارے میں بہت سخت الفاظ استعمال کیے۔ اس سے پہلے بھی ایک دفعہ ایسا ہو چکا ہے جب کسی نے ایسی زبان استعمال کی اور اسے بلاک کر دیا گیا۔ ایک دفعہ تو دو گروپوں میں باقاعدہ جھگڑا ہوا اور محفل والوں نے دونوں فریقین کو بلاک کر دیا۔

یاسر عمران مرزا کا ریکارڈ اگر دیکھا جائے تو وہ اچھے انسان ہیں مگر کبھی کبھار جوشِ جذبات میں وہ اس طرح کی باتیں کر جاتے ہیں جو دوسرے کی ذات کو براہ راست نشانہ بناتی ہیں۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں وارننگ دیے بغیر بلاک کر دیا جائے۔ بات ان کی سچ ہے یعنی اگر ان سے کہیں بھول چوک ہوئی ہے تو انہیں پہلے وارننگ دی جاتی اور اگر وہ دوبارہ غلطی کرتے تو پھر انہیں بلاک کیا جاتا۔

یاسر صاحب کو بھی چاہیے تھا کہ اپنے بلاک کیے جانے کی حرکت پر سیخ پا ہونے کی بجائے اپنا کیس اپنے بلاگ پر پیش کرتے اور اپنے قارئین کی حمایت حاصل کرنے کے بعد خود کو بے قصور ثابت کرتے۔ یہ محفل والوں کا حق ہے کہ وہ ماڈریٹر کی حیثیت سے اگر دیکھتے ہیں کہ کوئی ان کے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو وہ انہیں بلاک کر دیں۔ مگر ہم یہ گزارش کریں گے کہ وہ اپنے کسی رکن کو بلاک کرنے کی بجائے پہلے وارننگ دیں بلکہ اس وارننگ کے اصول کو اپنے قواعدوضوابط میں بھی شامل کر لیں۔

ہمیں یقین ہے کہ محفل کی انتظامیہ یاسر عمران مرزا کو بلاک کر کے خوش نہیں ہوئی ہو گی اور نہ ہی یاسر عمران مرزا نے جان بوجھ کر محفل کے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کی ہوگی۔ اس لیے ہم محفل کی انتظامیہ اور یاسر عمران مرزا دونوں سے درخواست کریں گے کہ وہ کوئی درمیانی راستہ نکال کر دوبارہ صلح کر لیں اور آپس کی جنگ کو امن میں بدل دیں۔

ہم کسی تیسرے فریق سے بھی گزارش کریں گے کہ وہ آگے بڑھے اور ان دونوں میں صلح کروا دے کیونکہ بقول نبی پاک صلعم تم میں سے بہتر وہ ہے جو دو بھائیوں میں صلح کرا دے۔