کبھی کبھار ہم اپنی سائٹ کی کارکردگی چیک کرنے کیلۓ یہ دیکھتے ہیں کہ پڑھنے والے ہماری سائٹ پر کیسے پہنچتے ہیں۔ ستمبر ۱۸ کے دن ہم نے دیکھا کہ کسی نے یاہو پر” میرا پاکستان” ڈھونڈنے کی کوشش کی  اور وہ ہماری سائٹ پر پہنچ گۓ مگر اس دوران ہماری نظر ایک اور پاکستانی سائٹ پاکستانیات ڈاٹ کام پر پڑگئ۔ اس سائٹ پر جانے سے ہمیں معلوم ہوا کہ کیسےکیسے ہیرے پاکستان میں چھپے ہوۓ۔ ان ہیروں میں سے تین یعنی عادل نجم، بلال زبیری اور اویس مغل نے یہ سائٹ انگلش میںشروع کی ہے۔ اس کا سیٹ اپ بہت ہی پروفیشنل اور مواد اعلیٰ معیار کا ہے۔ اس کی پوسٹ منگھو پیر کے بارے میں ایک ادبی شاہکار ہے۔ اس کے علاوہ اس سائٹ پر دوسرا مواد بھی بہت معلوماتی ہے۔

لگتا ہے یہ لوگ کمپیوٹر کی بھی سدھ بدھ رکھتے ہیں اسی لۓ انہوں نے ویب کا ہر ٹول اپنی سائٹ پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔ جاوا سکرپٹ نےان کی سائٹ کو چار چاند لگاۓ ہوۓ ہیں۔ اس کی مثال ان کا پول ہے۔ آپ ووٹ دینے کے بعد رزلٹ چیک کریں آپ کو نیا صفحہ کھلنے کا نتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

اس سائٹ کو شروع ہوۓ ابھی تین ماہ ہوۓ ہیں اور ایک لاکھ سے زیادہ لوگ اس سائٹ کی سیر کربھی چکے ہیں۔ اب بھی روزانہ سولہ سو سے زیادہ لوگ اس سائٹ پر آرہے ہیں۔ یہ سائٹ سیر کے قابل ہے اور امید ہے اس کے منتظمین اسی جوش و خروش کیساتھ اس سائٹ کو چلاتے رہیں گے اور ان کا جوش ایک عام پاکستانی کی خصلت کی طرح جلد ٹھنڈا نہیں پڑے گا۔

ان کی تعلیم اور تجربے کو دیکھ کہ ہم سوچ رہے ہیں کہ اگر یہ لوگ مناسب سمجھیں اور ان کے پاس وقت ہو تو وہ ایک سائٹ اردو میں بھی بنا دیں یا اسی کا اردو ترجمہ شروع کردیں۔  یہ اردو والوں کیلۓ بہت بڑی خدمت ہوگی اور اس سے ہماری قومی زبان کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔ خدا ان کے مشن کو نظرِ بد سے بچاۓ اور انہیں دن دوگنی اور رات چگنی ترقی نصیب فرماۓ۔ آمین