دوغلاپن ہمارے معاشرےکا ايک جزو لاحق بن چکا ہے۔ ايک عام آدمي سے ليکر حکمرانوں تک ميں يہ بيماري بدرجہ اتم پائي جاتي ہے۔ ايک وقت تھا لوگ اگر ايماندار آدمي کي تلاش ميں ہوتے تو پہلي نظر ان کي کسي حاجي پر پڑتي اب يہ وقت ہے کہ لوگ حاجي کا نام سنتے ہي اسے فراڈيا اور چور کہنے لگتے ہيں۔ پہلے راشي لوگ محلے ميں خال خال ہوتے تھے اور لوگ ان سے نفرت کيا کرتے تھے اب راشي لوگ ہر گلي ميں رہتے ہيں اور لوگ ان کو عزت کي نگاہ سے ديکھتے ہيں۔

يہي اطوار حکمرانوں کے بھي ہيں وہ جو آج بيان جاري کرتے ہيں کل بلکل اس کے الٹ بات کرتے نظر آتے ہيں۔ جنرل مشرف کي مثال ہمارے سامنے ہے۔ کہاں ايک جنرل جو ميڈيا کي ايسي خبر ليتا تھا کہ اخباري نمائندے ايک دوسرے کا منہ ديکھتے رہ جاتے تھے اور کہاں جب اپني کرسي پر آنچ آنے لگي تو ايک صحافي سے اسي طرح معافي مانگي جس طرح کبھي باباۓ ايٹم بم عبدالقدير خان سے پوري قوم سے معافي منگوائي تھي۔

ايک طرف جنرل صاحب چيف جسٹس کو اپنے آرمي ہاؤس ميں بلاتے ہيں تو وردي ميں ملتے ہيں اور دوسري طرف 23 مارچ کي فوجي تقريب ميں سول وردي ميں نہ صرف شرکت کرتے ہيں بلکہ اپني فوج کا گارڈ آف آنر بھي ليتےہيں۔

وزير اطلاعات دراني صاحب اس بات سے صاف مکر جاتے ہيں کہ غيرفعال چيف جسٹس کو گھر ميں نظر بند کيا ہوا ہے حالانکہ ان کے پاس بھٹا شخص کہ رہا ہوتا ہے کہ ابھي چند گھنٹے قبل اسے چيف جسٹس سے ملنے نہيں ديا گيا۔

ملک معاشي طور پر انحطاط کا شکار ہے اور تجارتي خسارہ ريکارڈ حد تک بڑھ چکا ہے مگر حکومت اب بھي ملک ميں خوشحالي کا ڈھنڈورا پيٹ رہي ہے۔

جب تک انڈيا کو ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ پيدا نہيں ہوا تھا ان کے چينل چوبيس گھنٹے پاکستان کي ٹیم کے بحران کي کوريج دکھا رہے تھے ليکن جس دن انڈيا سري لنکا سے ہارا انہيں اپني پڑ گئ اور پاکستان کي ٹيم کو وہ بھول ہي گئے۔ آج اگر بنگلہ ديش برمودا کو ہرا دے تو انڈيا اور پاکستان کي ٹيم کا فرق مٹ جائے گا۔ وہ بھي پہلے مرحلے ميں باہر ہوئے اور پاکستان کي ٹیم بھي۔

ايک طرف حکومت کو جلسے جلوس کي مکمل آزادي ہے مگر دوسري طرف اپوزيشن پر پابندي ہے بلکہ احتجاج سے دو دن قبل ہي سياسي رہنماؤں اور کارکنوں کي پکڑ دھکڑ شروع ہوچکي ہے۔ ہونا تو يہ چاہئے کہ اگر ملک يا صوبے ميں دفعہ 144 نافذ ہے تو پھر حکومت بھي جلسہ نہ کرے۔

بينظير نے پہلے اے پي سي ميں شرکت سے انکار کرديا مگر اب نواز شريف سے ملاقات کرنے دوڑ پڑيں۔ بينظير کو دراصل يہي دھڑکا لگا ہو گا کہ وکلا کي موجودہ تحريک اگر زور پکڑتي ہے تو پي پي پي اس الزام سے بچ سکے کہ وہ باہر کھڑي تماشا ديکھتي رہي۔ اب شہيدوں ميں نام لکھوانے کيلئے بينظير 26 تاريخ کي ہڑتال ميں شامل ہورہي ہيں۔

الطاف حسين موجوہ فوجي حکومت کا نہ صرف حصہ ہيں بلکہ اس کے بانيوں ميں سے ہيں۔ اگر ايم کيو ايم جنرل مشرف کا ساتھ نہ ديتي تو وہ کبھي بھي مرکز اور سندھ ميں حکومت نہ بنا پاتے۔ اب جب جيو پار حملہ ہوا تو الطاف حسين نے نہ صرف اس واقعے کي مذمت کي بلکہ اپنے خاص ذاکرانہ سٹائل ميں جيو سے بات کرکے حکومت کي وہ خبر لي کہ اگر جنرل صاحب کو اپني کرسي کا خطرہ درپيش نہ ہوتا تو الطاف حسين کي خوب خبر ليتے۔ 

کراچي ميں ايم کيو ايم کي اکثريت ہے اور ايم کيو ايم حکومت ميں شامل ہے مگر ملک ميں سب سے زيادہ فوج کے خلاف نفرت کا رجحان بھي کراچي ميں ہي بڑھ رہا ہے۔ يہ تو جس تھالي ميں کھانا اسي ميں چھيد کرنے والي بات ہوئي۔ ايک طرف حکومت ميں شامل اور دوسري طرف اسي حکومت سے نفرت۔

وہ سب لوگ جو بہتي گنگا ميں ہاتھ دھونے کيلئے حکومت ميں شامل ہوئے اب جب جنرل مشرف پر برا وقت آيا تو وہ خاموش تماشائي بنے تماشا ديکھتے رہے۔ سوائے ايک دو حکومتي وزيروں کے کسي کو بيان تک جاري کرنے کي جرات نہيں ہوئي۔ شايد انہوں نے ابھي سے آنے والے وقت کي تياري شروع کردي ہے۔ ليکن ايک انسان ہونے کے ناطے ان کا فرض بنتا تھا کہ مشکل وقت ميں بھي اپنے محسن کا ساتھ ديتے۔ ہماري نظر ميں تو يہ طوطا چشمي ہوئي۔ اس بحران نے   جنرل صاحب کو اصلي اور نقلي وفادار میں فرق ضرور دکھا ديا ہوگا۔