ایم کیو ایم کی سیاست بھی عجیب سیاست ہے۔ کبھی وہ کراچی میں رینجرز کی طرف سے ٹارگٹڈ آپریشن میںم غائب ہونے والے اپنے کارکنوں کی دہائی مچاتی ہے۔ کبھی 1990 کی دہائی میں فوج کے آپریشن کا گلہ کرتی ہے اور کبھی پولیس کے آپریشن کا رونا روتی ہے۔ ویسے کہتے ہیں پولیس میں شامل جن اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا تھا ان کو ایک ایک کر کے قتل کر دیا گیا۔ اب ظاہر ہے کہ ان مظلوموں کو انہی لوگوں نے قتل کیا ہو گا جن کیخلاف انہوں نے آپریشن کیا تھا۔
اب طالبان کیساتھ جنگ کے دوران ایم کیو ایم پھر فوج کی حمایت میں نکل کھڑی ہوئی ہے۔ یہی فوج بعد میں جب کراچی میں غنڈہ گردی کا صفایا کرے گی تو ایم کیو ایم پھر واوہلا مچانا شروع کر دے گی۔
واقعی یہ سچ ہے کہ پاکستانی سیاست ایسا لوٹا ہے جس کا پیندا نہیں ہے۔ یعنی کوئی غیرت، کوئی اصول اور کوئی وفاداری آج کل سیاست میں نظر نہیں آتی۔ بلکہ مفاد پرستی اس حد تک ہماری سیاست میں داخل ہو چکی ہے کہ کل کی قاتل لیگ آج کی دوست لیگ بن چکی ہے۔