بینظیر مصالحتی آرڈینینس کی برکت سے واپس آئیں اور پھر سعودیوں نے مسٹر مشرف کو اپنے ملک بلا کر ایک اور ڈیل کے ذریعے نوازشریف کوسرکاری طیارے پر پاکستان واپس بھیج دیا۔ صدر مشرف جو ان دونوں لیڈروں کو کرپٹ کہتے نہیں تھکتے تھے اور برملا کہتے تھے وہ واپس نہیں آسکتے انہوں نے اپنے عہد کو توڑا یا عہد توڑنے پر مجبور ہونا پڑا اور دونوں کو نہ صرف پاکستان واپس آنے دیا بلکہ اب ان کیساتھ ملکر کام کرنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ہماری سائٹ پر سب سے زیادہ جو پوسٹ پڑھی جاتی ہے وہ ایم کیو ایم کے حاکم الطاف بھائی کے بارے میں ہے۔ اب جبکہ بینظیر اور نواز شریف ملک میں واپس آچکے ہیں تو وہ کونسی رکاوٹ ہے جو الطاف بھائی کو پاکستان واپس نہیں آنے دے Altaf Hussain رہی۔ بینظیر کے استقبال پر تو دہشت گردوں نے حملہ بھی کیا مگروہ ثابت قدم رہیں اور ابھی تک پاکستان میں ہیں۔ نواز شریف کے بھی کئی دشمن ہوں گے مگر وہ بھی جب واپس آئے تو انہوں نے بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھنے کی بجائے ایک عام گاڑی میں لاہور میں سفر کیا۔

ایکسپریس اخبار نے یہ خبر بھی چھاپی ہے کہ ایم کیو ایم کے کئی سرکردہ لیڈر جن پر پاکستان میں قتل تک کے مقدمات ہیں خاموشی سے واپس آگئے ہیں اور انتخابات میں حصہ لینے کیلیے انہوں نے اپنے کاغذات بھی جمع کرادیے ہیں۔ اب جبکہ انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، سندھ میں ایم کیو ایم کا گورنر موجود ہے، ایم کیو ایم صدرمشرف کی چہیتی جماعت ہے تو  پھر ہمیں تو کوئی وجہ نظر نہیں آتی کہ الطاف بھائی پاکستان واپس نہ آسکیں۔

ہماری الطاف بھائی سے یہی گزارش ہے کہ وہ اب برطانیہ کی شہریت ترک کریں اور پاکستان واپس آکر ایم کیو ایم کو ملکی لیول پر منظم کریں۔ الطاف بھائی ہماری درخواست قبول کریں یا نہ کریں لیکن ہمیں امید ہے ہماری یہ پوسٹ بھی انہی کے نام کی وجہ سے ایم کیو ایم کی دوسری پوسٹوں کی طرح ضرور اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ دے گی۔