ابھي زيادہ عرصہ نہيں ہوا جب ٹي وي کا ايک سرکاري چينل ہوا کرتا تھا اور وہ بھي شام کے وقت صرف چند گھنٹوں کيلۓ لگا کرتا تھا۔ ہميں ياد ہے اس دور ميں رات آٹھ بجے بہت جاندار ڈرامے لگا کرتے تھے جن کي وجہ سے بازار سنسان ہو جايا کرتے تھے۔ لوگ کراۓ پر وي سي آر لاتے تھے اور بارہ گھنٹے کے دورانيہ ميں چار فلميں ايک ہي قسط ميں ديکھ کر اٹھاکرتے تھے۔ اس کے علاوہ لوگوں کے پاس وقت ہي وقت ہوتا تھا۔ جس کا فائدہ لوگ چاۓ کے ہوٹلوں پر ايک کپ چاۓ کا آرڈر دےکرگھنٹوں گپيں لگايا کرتے تھے اور بازار ميں آتے جاتے لوگوں کو ديکھا کرتے تھے۔ سکول کے بعد بچوں کے پاس اتنا ٹائم ہوتا تھا کہ وہ ايک سے دو گھنٹے ہاکي ، فٹ بال يا کرکٹ کھيل کر اپنے جسموں کي گرمي کم کيا کرتے تھے۔ کبھي کبھي جب رات آٹة بجے کا ڈرامہ نہيں لگا کرتا تھا تو بچے رات کو باہر چھپن لکي کھيلا کرتے تھے۔ ان دنوں پہلوانوں کے دنگل، کبڈي کے ميچ اور کتوں کي لڑائياں بھي لوگ بڑے جوش وخروش سے ديکھا کرتے تھے۔ انڈيا پاکستان کے کرکٹ ميچوں کي کمنٹري لوگ چلتے چلتے چھوٹے چھوٹے ريڈيو کانوں پر لگا کر سنا کرتے تھے اور راہ چلتےلوگ گاہے بگاہے سکور بھي پوچھ ليا کرتے تھے۔ بازاروں ميں گاڑيوں کا رش کم ہونے کي وجہ سے ٹانگوں کا راج ہوتا تھا اور بازار کي صفائي کميٹي والے بلاناغہ کيا کرتے تھے۔ ان دنوں رات کو بازار تخ ملنگا کھانے کيلۓ جب پيدل جايا کرتے تھے تو ايسا لگا کرتا تھا کہ مال روڈ پر چل رہے ہيں۔ اس وقت لوگوں کے پاس ٹائم زيادہ تھا اور يہي وجہ تھي کہ لوگ ايک دوسرے کوبہت قريب سے جانتے تھے۔ اگر محلے ميں کوئي واقعہ ہوجاتا تو ديکھتے ہي ديکھتے لوگوں کا تانتا لگ جايا کرتا تھا۔ ابھي يہ بات بھي پراني نہيں لگتي جب بھٹو دور ميں منصوبہ بندي والے چند منٹ کي فلم مفت دکھا نے کے بعد غبارے بھي مفت بانٹا کرتے تھے۔ اس وقت کے بچہ لوگ ان بڑے بڑے غباروں ميں ہوا بھر کر خوب مزے ليا کرتے تھے۔

اب انٹرنيٹ اور ڈش نے لوگوں کو گھروں ميں قيد کرکے رکھ ديا ہے۔ اب تو يہ حال ہے کہ آپ کے پڑوس ميں ڈاکہ پڑجاۓ تو بھي آپ کو خبر نہیں ہوتي۔ محلے ميں ڈھول پيٹ پيٹ کر لوگ چيزيں بيچنے کي کوشش کرتے ہيں مگر ہميں ان کي آواز تک نہيں آتي۔ اسلۓ کہ ہم انٹرنيٹ پر چيٹنگ اور ڈش پر انڈين فلميں ديکھنےميں اس قدر محو ہوتے ہيں کہ ہميں ارد گرد کي خبر تک نہيں ہوتي۔ اس انٹرنيٹ اور ڈش کے نشے نے ہماري قوم کو واقعي نشئ بنا ديا ہے۔ اب تو کہيں بڑے سے بڑا واقعہ ہو جاۓ آپ سو لوگ بھي احتجاج کيلۓ اکھٹے نہيں کرسکتے۔ يہي وجہ ہے کہ چيني کي مہنگائي اور پٹرول کي گراني پر بھي لوگ نہيں بلبلاۓ۔ پہلے صرف فلميں نوجوانوں کو سبز باغ دکھا کر بے کار کرديا کرتيں تھي اور اب رہي سہي کسر انٹرنيٹ نے پوري کردي ہے۔ جب بھي ديکھو بچے انٹرنيٹ پر بيٹھے ہوتے ہيں اور اگر انٹرنيٹ ان کے گھر ميں نہيں ہے تو پھر نيٹ کيفے پر چلے جاتے ہيں۔ اب سکولوں کے گراونڈ ويران ہوچکے ہيں اور ان کي جگہ وڈيو گيموں نے لے لي ہے۔ ان حالات ميں اگر کوئي وقت نکال کر پڑھ ليتا ہے اور انجنيئر ڈاکٹر بن جاتا ہے تو اس سے بڑا وقت آرگنائز کرنے والا کوئي نہيں۔

 اس اليکٹرونکس کے دور نے والدين کي ذمہ داريوں ميں مزيد اضافہ کرديا ہے۔ وہ وقت گۓ جب والدين خود تو نماز پڑھا نہيں کرتے تھے مگر بچوں کو صبح صبح قران پڑھنے کيلۓ مسجد ضرور بھيجا کرتے تھے۔ اب جب تک ماں باپ اپني دونوں آنکھيں کھلي نہيں رکھيں گے وہ بچوں کي نگہداشت نہيں کرسکيں گے۔ اب تو موبائل فونوں اور چيٹنگ نے لڑکے لڑکيوں کو ايک دوسرے کے ساتھ ملنے کے مواقع آسان کرديۓ ہيں۔ ايک وہ وقت تھا جب پورے شہر ميں مہنيوں بعد خبر آتي تھي کہ فلاں کي لڑکي بھاگ گئ اور والدين غيرت کے مارے اس شہر سے ہي کوچ کرجايا کرتے تھے۔ مگر اب يہ عشق معشوقي کا کھيل ايک معمول بن چکا ہے۔ اب والدين کيلۓ بھي يہ کوئي غيرت کا مسٔلہ نہيں رہا۔ اگر يہي روش رہي تو پھر مزيد چند دہائيوں کي بات ہے جب ہمارے ہاں بواۓ فرينڈ اور گرل فرينڈ کي اصطلاح عام ہوجاۓ گي اور بن شادي کے بچے پيدا کرنا بھي معيوب نہيں لگے گے۔