آج ہم اپنی سائٹ کے اعدادوشمار دیکھ رہے تھے کہ اچانک ہمیں ایک رابطہ نظر آیا جہاں سے کسی نے ہماری ویب سائٹ کا چکر لگایا تھا۔ ہم اس لنک پر گئے تو پتہ چلا کہ چند مخلص پاکستانیوں نے میرا وطن ڈاٹ انفو کے نام سے ایک ویب سائٹ بنائی ہے۔

یہ مت سمجھنا کہ اس سائٹ پر ہمارا خصوصی لنک دیا گیا ہے اس لیے ہم اسے متعارف کرا رہے ہیں۔ دراصل اس کا نام ہمارے بلاگ کے نام کیساتھ ملتا جلتا ہے اور مقصد بھی ایک ہے یعنی ملک کیلیے کچھ کرنے کی جستجو۔ ہم نے تو نئی سائٹ ڈھونڈی اور اس کا لنک آپ تک پہنچا دیا۔ اسی طرح کا کام ہم نے کچھ عرصہ قبل بھی کیا تھا جب ہمیں پاکستانیات ڈاٹ کام کی سائٹ کا پتہ چلا تھا۔

اس کے ممبران کی تعداد سے امید ہے کہ یہ سائٹ کافی ترقی کرے گی اگر اس منصوبے کو مالکان نے راستے میں نہ چھوڑ دیا تو۔ یہاں آپ خبریں پڑھ سکتے ہیں اور بہت سارے دوسرے لنکس کی بدولت تصویریں، آڈیواور ویڈیو کی سہولت بھی نظر آ رہی ہے۔  بلاگ بنانے کی سہولت بھی موجود ہے۔ فرینڈز کے لنک میں فیس بک کی طرح کے کچھ کام کیے جا سکتے ہیں یعنی دوستوں، فوٹو گیلری اور تبصروں کا اضافہ۔ ویسے سائٹ کے اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ آئیڈیا اچھا ہے اور یہ ضرور پھلے پھولے گا۔

سائٹ کا ڈیزائن اچھا ہے مگر نئی ہونے کی وجہ سے ابھی مواد کم ہے۔ ممبران کیلیے کچھ جگہیں مخصوص ہیں جہاں داخلے کیلیے پاس ورڈ درکار ہے۔

ہمارے ایک مشہور غازی بھائی صمد خرم کا مضمون بھی شامل ہے۔ ایڈمنسٹریٹر سے صرف ایک گلہ ہے کہ انہوں نے “خبریں اور تبصرے” کے نیچے ہماری ایک پوسٹ بغیر حوالے کے ہوبہو چھاپ دی ہے۔ بہرحال ہم یہ خطا معاف کرتے ہیں اور میرا وطن کی انتظامیہ کیلیے دعا گو ہیں۔