انٹرنیٹ ہماری زندگی پر بہت زیادہ اثر انداز ہوا ہے اور ہم خیال کرتے ہیں کہ باقی بلاگرز بھی اسی لت میں پڑے  ہوں گے۔ ہم کام پر ہوں یا گھر پر، انٹرنیٹ سے چند منٹ غیرحاضری صدیوں پر محیط لگتی ہے۔ ہم کام پر ہوں تو ہر وقفے کے دوران کبھی عالمی خبریں دیکھ لیں، سٹاک مارکیٹ پر نظر ڈال لی، کھانے کے وقفے میں اردو بلاگز پڑھ لیے، پاکستان کے اخبارات دیکھ لیے، ذاتی ای میل چیک کر لی وغیرہ وغیرہ۔ یہی حال ہوتا ہے جب کام سے گھر پہنچتے ہیں۔ جونہی کسی کام سے کمپیوٹر پر بیٹھے تو پھر انٹرنیٹ پر ایک سے دوسری سائٹس پر گھومنا شروع کر دیا۔ کبھی یوٹیوب، کبھی فیس بک، کبھی چیٹنگ تو کبھی لائیو ٹی وی پر کرکٹ اور ٹاک شوز۔

ہم اپنی اس عادت سے بہت تنگ آ چکے ہیں۔ کیونکہ اس عادت کی وجہ سے ہماری سوشل اور فیملی لائف بہت متاثر ہو رہی ہے۔ ہمارا گھر سے باہر نکلنا بہت مشکل ہو چکا ہے۔ اگر ہم انٹرنیٹ پر نہیں تو بچے بیٹھے ہوتےہیں یا پھر بیگم۔ اس طرح مشکل سے ہم لوگ صرف ڈنر پر ایک ساتھ بیٹھ پاتے ہیں۔

سفر میں بھی ہم لوگ بلیک بیری یا آئی فون پر ای میلز چیک کرتے رہتے ہیں یا پھر ٹیکسٹ میسجز۔ اب ہمارا زیادہ وقت فون پر باتیں کرنے کی بجائے ان کاموں پر صرف ہوتا ہے۔

کیا آپ لوگوں کا بھی یہی حال ہے۔ یہ جاننے کیلیے ہم نے کچھ بلاگرز کو ٹیگ کرنے یعنی ڈوری سے باندھنے کا سوچا ہے۔ امید ہے ساتھی اس کھیل کو آگے بڑھائیں گے اور ہر بلاگر مزید پانچ بلاگرز کو ڈوری سے باندھیں گے۔ امید ہے اس طرح ہم لوگ ایک دوسرے کو مزید جان پائیں گے۔

سوالات یہ ہیں۔

انٹرنیٹ پر آپ روزانہ کتنا وقت صرف کرتے ہیں؟

انٹرنیٹ آپ کے رہن سہن میں کیا تبدیلی لایا ہے؟

کیا انٹرنیٹ نے آپ کی سوشل یا فیملی لائف کو متاثر کیا ہے اور کس طرح؟

اس علت سے جان چھڑانے کی کبھی کوشش کی اور کیسے؟

کیا انٹرنیٹ آپ کی آؤٹ ڈور کھیلوں میں رکاوٹ بن چکا ہے؟

ہم ان پانچ بلاگرز کو ڈوری سے باندھتے ہیں۔

راشد کامران، عنیقہ ناز، فرحان دانش، ڈفر، خاورکھوکھر