فاسٹ باؤلر شعیب اختر اور محمد آصف اپنے ڈرگ ٹیسٹوں میں فیل ہونے کے بعد چیمپیئن ٹرافی کو ادھورا چھوڑ کر پاکستان واپس آگۓ ہیں۔
اب یہ ٹریجیڈی کیوں ہوئی اور کیسے روکی جاسکتی تھی اس پر ہم اپنا نقطہء نظر پیش کرتے ہیں۔ پاکستان کے ڈاکٹروں کی راۓ ہے کہ دونوں کھلاڑی عرصے سے اپنی انجریز سے نپٹنے کیلۓ دوائیں کھارہے تھے اور ہوسکتا ہے ان دواؤں میں کوئی ایسی ممنوعہ دوا شامل ہو جس کی وجہ سے ان کے ٹیسٹ کے رزلٹ مثبت آۓ ہوں۔ کوئی بھی یہ یقین کرنے کو تیار نہیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے جان بوجھ کر ممنوعہ دوائیں استعمال کی ہوں گی۔
حیرانی اپنے کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں پر ہے کہ انہوں نے اس کیس کو کیسے ھینڈل کیا۔ وہ چاہتے تو پہلے اپنے کھلاڑیوں اور ان کے ڈاکٹروں سے ان کی دواؤں کی تفاصیل چیک کرتے پھر کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ کرتے اور اس کے علاوہ ان کے ٹیسٹ غیرسرکاری طور پر کسی لیباریٹری سے کرواتے۔ اس کے بعد اگر انہیں شک ہوتا تو پھر کھلاڑیوں کو ساری صورتحال سے آگاہ کرتے اور ان کو آفیشل ٹیسٹ کیلۓ پہلے تیار کرتے۔
اب یہ سب کچھ ہمارے کرکٹ کے کرتا دھرتاؤں نے نہیں کیا تو اس کی دو وجوہات ہوسکتی ہیں۔ ایک تو انہوں نے سوچا ہیں نہیں ہوگا کہ ان کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آئیں گے۔ دوسرے ان کی عقل نے یہ سوچا ہی نہیں ہوگا جو ہم نے اوپر بیان کیا ہے۔ یہ تو وہی بات ہوئی جو اس شعر میں ہے کہ
دل کے پھپھولے جل اٹھے سینے کے داغ سے
اس گھر کو آگ لگ گئ گھر کے چراغ سے
یعنی ہم نے خود ہی اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار لی اور وہ بھی بناں کسی بیرونی دباؤ کے۔ خدا کے بندو اگر ٹیسٹ لینے ہی تھے تو پہلے یقین تو کرلیتے کہ سب ٹھیک ہے کہ نہیں۔
یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ ٹیم کا کوچ اور اس کا مینجر اتنے بے خبر ہوں اور انہیں پتہ ہی نہ ہو کہ کھلاڑي کس حال میں ہیں۔ ایک سابقہ ڈاکٹر کی بات ٹھیک لگتی ہے کہ محمد آصف جو اپنے کیریئر کے شروع میں ہے اور شعیب جوعروج پر ہے جانتے بوجھتے ہوۓ ممنوعہ دوائیں استعمال کریں۔
ہم تو یہی کہیں گے کہ یہ سب بدانتظامی کا نتیجہ ہے اور اس کی پوری تحقیق ہونی چاہۓ کہ یہ کیوں اور کیسے ہوۓ اور ذمہ داروں کو سزا دینی چاہۓ۔ ہماری اپنی نااہلی کی وجہ سے دو کھلاڑیوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا اور ساتھ ہی ٹیم کو بھی کمزور کردیا۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ کسی نے غداری کی ہو اور اس غداری کا کہیں سے انعام بھی وصول کیا ہو۔
ہمیں سو فیصد امید ہے کہ دونوں باؤلر بیگناہ ثابت ہوں گے اور مُدّا گرے گا تو ان دواؤں پر جو وہ استعمال کر رہے تھے۔ لیکن اس سارے ڈرامے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے یعنی کس کی کم عقلی کی وجہ سے یہ دن ان کھلاڑیوں کو دیکھنا پڑا اس کی ضرور چھان بین ہونی چاہۓ۔
No user commented in " کرکٹر شعیب اور آصف کے ڈوپ ٹیسٹ "
Follow-up comment rss or Leave a TrackbackLeave A Reply