آج ہمیں بیٹھے بیٹھے خیال آیا کیوں ناں میڈیا سے کہا جائے کہ وہ ایک ایسا پروگرام شروع کرے جس میں کسی ایماندار اور مخلص پاکستانی کو مہمان کے طور پر بلایا جائے اور اس سے اس کی زندگی کے بارے میں پوچھا  جائے۔ آج کل میڈیا پر ہر طرف کرپشن کا شور و غوغا ہے۔ ہر اینکر پرسن دوسرے سے بڑھ کر کرپشن کی داستانیں منظرِ عام پر لا رہا ہے۔ حکمرانوں کی فوج ظفر موج کرپشن کے الزامات کا سامنا کر رہی ہے۔ فوج، اسٹیبلشمنٹ، سرکاری افسر سب کرپشن کے الزامات کی زد میں ہیں۔ کتنا اچھا ہو کرپشن کے اس دور میں اگر ایماندار اور مخلص آدمیوں کو چن چن کر میڈیا پر پیش کیا جائے۔ ہم تو کہیں گے میڈیا ان ایمانداروں کو اسی طرح انعام و اکرام سے نوازے جس طرح انعامی پروگراموں میں وہ مہمانوں کو نوازتا ہے۔

میڈیا ایسے ایماندار آدمی سے اس کی ایمانداری کی قیمت چکانے کی داستان سن سکتا ہے۔ ایمانداری قائم رکھنے کیلیے اسے جو اندرونی اور بیرونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کے بارے میں جان سکتا ہے۔ ہو سکے تو اس طرح سال کے آخر میں اس پروگرام کے مہمانوں میں سے سب سے بڑے ایماندار کو سال کا بہترین شخص بھی قرار دیا جائے۔ شاید اسی طرح معاشرے کے کرپٹ لوگوں کو شرم آئے اور ہمارے ہاں کرپشن کم ہو سکے۔  یہ تو ایک خیال تھا۔ اسے کمرشلائز کرنے اور مقبول بنانے کیلیے میڈیا بہت سارے رنگ بھی بھر سکتا ہے۔ ہم تو بس چاہتے ہیں کہ کسی طرح معاشرے میں ایماندار آدمی کا احترام بحال ہو اور ایماندار بننے کیلیے لوگوں میں مقابلہ شروع ہو جائے۔

لیکن ہماری یہ تجویز یہیں رہ جائے گی کیونکہ ناں ہمارا بلاگ میڈیا والوں کی نظر سے گزرتا ہے اور ناں حکومت اسے کوئی اہمیت دیتی ہے۔ مگر پھر بھی خواہش کا اظہار کرنے میں کیا حرج ہے۔