آشا ہندی کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے امید۔ امن کی آشا کے نام سے جیو اور ٹائمز آف انڈیا ایک اشتہار چلا رہے ہیں جس میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان امن اور دوستی کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ اس امن کی آشا کو پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی نے مزید جلا دے دی ہے۔ انڈین فلموں میں اکثر مسلمان لڑکی اور ہندو لڑکے یا پاکستانی لڑکی اور انڈین لڑکے کے درمیان عشق معشوقی دکھا کر اکثر پاکستانیوں اور مسلمانوں کو زچ پہنچائی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے انڈین لڑکی کی پاکستانی لڑکے کیساتھ شادی بھارتیوں کو کم ہی ہضم ہو رہی ہے۔

یہ شادی لگتا ہے جلدبازی کا فیصلہ ہے اور لڑکی اور لڑکے نے چھ ماہ کی دوستی کے بعد ہی جیون ساتھی بننے کا اعلان کر دیا ہے۔ اگر پچھلا ریکارڈ دیکھا جائے تو شادی کی کامیابی کا انحصار ثانیہ مرزا پر ہو گا کیونکہ ثانیہ مرزا کے مقابلے میں شعیب ملک اتنا پڑھا لکھا اور تیز نہیں اور اگر وہ شادی کو کامیاب بنانا چاہے گا تو پھر اسے جورو کا غلام بن کر رہنا ہو گا۔ ثانیہ مرزا کی اب تک کی تیزیاں دیکھ کر شیعب ملک کیلیے دعا ہی کی جا سکتی ہے۔ ثانیہ مرزا ابھی ٹینس کھیلے گی، اسلیے وہ بچے تو پیدا کرے گی نہیں۔ دوسرے اس نے پاکستان کی بجائے دبئی رہنے کا پروگرام بنایا ہے۔ اب پتہ نہیں شعیب ملک اس طرح کیسے بیوی اور اپنے والدین میں توازن برقرار رکھ سکے گا۔

پاکستانی کرکٹ کی دنیا میں اس سے پہلے بھی کئی معاشقے مشہور ہوئے مگر ان کا انجام کچھ اچھا نہیں رہا۔ ابھی حال ہی میں کرکٹر محمد آصف کا فلمی اداکارہ سے عشق ناکام ہوا اور اس نے جلد ہی کہیں اور شادی کر لی۔ عمران خان اور زینت امان کی دوستی مشہور ہوئی مگر شادی نہ ہو سکی۔ محسن خان اور رینا رائے کی شادی ہوئی مگر زیادہ دیر نہ چل سکی۔ امید کی جانی چاہیے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک دونوں اپنی پچھلی غلطیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے اپنی شادی کو دوام بخشیں گے اور ہنسی خوشی زندگی بسر کریں گے۔