جنرل کیانی کی مدت ملازمت میں توسیع اتنا بڑا قومی ایشو تھا کہ وزیراعظم کو ٹی وی پر قوم سے خطاب کرنا پڑا۔ بڑے بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، لوڈشینڈنگ عذاب بنی ہوئی ہے، خودکشیاں ہو رہی ہیں، بھارت کو پاکستان کے راستے تجارت کی اجازت دے دی گئی، اسمبلی ارکان کی ڈگریاں جعلی نکلیں مگر وزیراعظم نے قوم کو اعتماد میں لینا مناسب نہ سمجھا۔ لگتا ہے ہماری حکومت کیلیے اس وقت باقی تمام مسائل اس ایشو کے آگے صفر تھے۔

امریکہ کیلیے افغانستان کی جنگ سب سے بڑا ایشو ہے۔ جونہی افغانستان میں تعینات کمانڈر نے اپنے سپریم کمانڈر کا مذاق اڑایا، اسے نوکری سے برخواست کر دیا گیا۔ ایک ہم ہیں کہ ملک کے سب سے منظم ادارے پر بھی اعتماد نہیں ورنہ جنرل کیانی کے بعد دوسرا جنرل قیادت سنبھال لیتا۔ یہی لگتا ہے جس جنرل کی باری تھی وہ جنرل کیانی سے مختلف ہو۔ یعنی اس کی سوچ مختلف ہو اور وہ قومی مفاد کو مقدم سمجھتا ہو۔