پہلے تین کرکٹرز کو جال میں پھنسایا گیا یعنی ٹریپ کیا گیا اور ان کے کیریئر کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔ اب رہی سہی کسر ایک اور انڈرکور پاکستانی نے یاسر حمید کو جال میں پھنسا کر پوری کر دی۔ اس ویڈیو میں لگتا ہے یاسر نے وہی باتیں دہرائی ہیں جو اخباروں میں پڑھی ہیں اور اگر کوئی اپنی طرف سے کہی بھی ہے وہ صرف چھوڑی ہے۔ آپ کو معلوم ہی ہے کہانی کو مسالے دار بنانے کیلیے لمبی لمبی چھوڑنے کی ہم لوگوں کی عادت ہے۔ اس خفیہ ویڈیو سے اور کچھ ثابت ہو نہ ہو مگر یہ ثابت ہو گیا ہے کہ یاسر حمید ان تینوں کھلاڑیوں کے سخت خلاف ہے۔

اب رمضان کے مہینے میں شراب کی چسکیاں لینا اور پھر کہنا کہ خدا نے اسے بچا لیا۔ یہی دوغلہ پن ہماری مسلمانی پر داغ ہے۔ ہو سکتا ہے یاسر نے بھی کسی  غامدی وغیرہ سے شراب کے حلال ہونے کا فتوی لے لیا ہو۔ بہر حال لگتا ہے یاسر نے انجانے میں ایسی باتیں کر کے نہ صرف تینوں کرکٹرز کے مسئللے کو مزید الجھا دیا ہے بلکہ اپنے آپ کو بھی خطرے میں ڈال لیا ہے۔

ہم عمران خان کی بات کی تائید کریں گے کہ اس دفعہ جرم کرنے والوں کو اتنی کڑی سزا دو کہ باقی کرکٹرز کی آنے والی نسلیں بھی ایسا جرم کرنے سے پہلے سو بار سوچیں۔