کل پاکستان ورلڈ کپ 2007 کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز سے 54 رنز سے ہار گیا۔ اس کے ہارنے کی سب سے بڑی وجہ پاکستانی باؤلروں کے آخری پانچ اوور تھے جن میں انہوں نے 57 کے قریب رنز بننے دیے اور اتنے ہی فرق سے ہم میچ ہار گئے۔۔

جیسا کہ ہم نے اپنی پوسٹ کرکٹ ورلڈ کپ 2007 کی تیاری میں لکھا تھا کہ پاکستان کو اپنے آخری اوورز میں رنز روکنے کیلیے دوسری ٹیموں کی طرح زیادہ تر یارکرز پھینکنے ہوں گے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ اگر ہم پچھلے دو چار سالوں کے ون ڈے میچوں کا جائزہ لیں تو آخری اوورز میں یارکرز کی بھرمار ملتی ہے۔ یارکر کی خوبی یہ ہے کہ اس پر چوکا چھکا مشکل سے ہی لگتا ہے۔ ہاں اگر باؤلر اناڑی ہو اور اسے یارکر بال کرانی نہ آتی ہو تو وہ ضرور پٹے گا۔

رانا نوید کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ پچھلے کئی میچوں سے ان کی باؤلنگ کا معیار انڈيا کے عرفان پٹھان کی طرح گر چکا ہے اور انہیں واپس فارم میں آنے کیلیے بہت محنت کرنی پڑ رہی ہے۔ اس میچ میں بھی وہ بیٹسمینوں کو پریشان نہیں کرسکے۔

ہم نے کھلاڑیوں کو ہک شاٹ کھیلنے سے بھی منع کیا تھا کیونکہ ہک شاٹ کھیلنے کیلیے بہت زیادہ مہارت کی ضرورت ہوتی ہے جو ہماری کھلاڑیوں کے پاس ابھی نہیں ہے۔ یونس خاں نے ہماری بات نہ مان کر ہک شاٹ کھیلنے کی کوشش کی اور اپنی  وکٹ گنوا دی۔

فیلڈنگ بھی غیرمعیاری تھی ۔ یونس خان نے جو شروع میں کیچ چھوڑا وہ بھی میچ ہارنے کے اسباب میں سے ایک تھا۔

انضمام اور یوسف نے حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے بیٹنگ کی مگر انہیں چاھیے تھا کہ رن ریٹ کو برقرار رکھتے۔ اگر وہ نو اوورز میں تیرہ رنز بنائیں گے تو پھر میچ تو ہاریں گے ہی۔

ہمارے کوچ کو چاہیے کہ وہ باؤلرز پر زیادہ محنت کرے۔ انتظامیہ اگر چاہے تو وہ ایک دو اچھے باؤلنگ کوچز ویسٹ انڈیز بھیج دے تاکہ وہ باؤلرز کی تیاری میں مدد کرسکیں۔ ابھی ہمارے پاس کافی وقت ہے۔ اگلے دو میچ آسان ہیں اور اصل مقابلہ بیسٹ آف ایٹ سے شروع ہوگا۔ تب تک ہماری ٹیم کوچز سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہے۔ وقار یونس کی باؤلنگ کوچنگ کی کمی اس میچ میں بہت محسوس ہوئی۔

ابھی مایوس نہیں ہونا چاہیے کیونکہ پاکستان سو فیصد اگلے راؤنڈ میں کوالیفائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہم آئرلینڈ اور زمبابوے کو آسانی سے ہرا دیں گے۔ ہمارا سارا زور اب اگلے راؤنڈ کی تیاری پر ہونا چاہیے۔

جیسا کہ ہمارے سروے میں اکثریت کی رائے ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ جیتے گا اور اس رائے کے پیچھے یقیناً ایک خواہش چھپی ہوئی ہے۔ امید ہے ہماری ٹیم پاکستانیوں کی اس خواہش کو ذہن میں رکھتے ہوئے اگلے میچز کھیلے گی۔ خدا ہمارے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند رکھے اور ہماری خواہشوں کو پورا کرے۔ آمین

پاکستان زندہ باد

کرکٹ ٹیم پائندہ باد