جہاں ملک کے عوام نے بلاتفريق اپنے زلزلہ زدگان بھائيوں کي امداد کرنے ميں کوئي کسر نہیں اٹھا رکھي وہاں ہماري اردو بلاگ برادري نے بھي اپنا حق ادا کيا ہے اور وہ بھي کسي سے پيچھے نہيں رہے۔ ان بہن بھائيوں نے جہاں تک ہوسکا ہرممکن اس مشکل وقت ميں دامے درمے دن رات ايک کرکے اپناحصّہ اس کارِخير ميں ڈالا ہے۔ کچھ نے اپنے بلاگز ميں ہر طرح کي معلومات ڈاليں تو کچھ نے باقائدہ بزاتِ خود امدادي کيمپوں ميں جا کر سامان اکٹھا کرنے اور پيک کرکے بھيجنے ميں مدد کي۔ کچھ بلاگرز نے رقم اکٹھي کرنا شروع کي تو کچھ نے عطيات کيلۓ ہر طرح کے لنکس اپني سائٹس پر ڈالے۔ جو کچھ بھي نہ کرسکتے تھے انہوں نے ہمدردي کے بول بول کر اپنے بھائيوں کے دکھ کم کرنے کي کوشش کي۔ اس سے ايک بات يہ بھي ثابت ہوئي کہ اکيلا آدمي کچھ بھي نہيں جب تک کہ وہ کسي گروپ کا حصّہ نہ ہواور اس طرح انفرادي کي بجاۓ اجتماعي عمل سے زيادہ فوائد حاصل ہوتے ہيں۔ ہم يہاں پر اپني اردو بلاگ برادري کےممبرز کے نام لکھ کر ان گمنام بہن بھائيوں کا ثواب کم کرنا نہيں چاہتے جن کي کوششوں سے وہ کام تکميل کو پہنچے جو اس سے پہلے ناممکن دکھائي ديتے تھے۔
اس ناگہاني حادثے سےپہلے ہم لوگ فرقوں، جماعتوں اور برادريوں ميں بٹے ہوۓ تھے مگر جب ہم پر يہ آفت آئي تو ساري قوم اکٹھي اس طرح ہوگئي جيسے اکٹھا ہونے کا حق تھا۔ ہم لوگ اپنے بہن بھائيوں کي مدد ميں ايسے متحد ہوۓ کہ مہينوں ميں ہونے والے کام دنوں ميں مکمل کرلۓ۔ اميد ہے يہ سلسلہ اب ہم ٹوٹنے نہيں ديں گے اور متاثرہ لوگوں کي بحالي تک چين سے نہيں بيٹھيں گے۔
کيا ہم اسي طرح اس کے بعد بھي اکٹھے رہ سکيں گے؟
کيا ہم اس کے بعد اسي طرح دوسرے مسائل کا مقابلہ بھي کرسکيں گے؟
کيا ہم اسي طرح اکٹھے ہو کر آئيندہ انتخابات ميں نيک لوگوں کو ووٹ دے سکيں گے؟
کيا ہم اسي طرح حکومت کے غلط اقدامات کو غلط کہنے کي جرات کرتے رہيں گے؟
انشااللہ ہم اکٹھے رہيں گے اور اس آفت سے جو ہم نے سبق سيکھا ہے اس کے بعد ہم اپني ساري توانائياں اکٹھي رکھتے ہوۓ سارے مسائل سے نپٹ ليں گے۔ خدا ہميں صدا کيلۓ اکٹھا رکھے اور يونہي ايک دوسرے کے کام آنے کي توفيق دے۔ آمين