صدرِمملکت نے اپني تقرير ميں وعدہ کيا ہے کہ اس دفعہ وہ امداد براۓ زلزلہ زدگان کا پورا پورا حساب رکھيں گے اور قوم کے سامنے پيش کريں گے۔ کيا ہم صدر کي بات پر آنکھيں بند کرکے يقين کرليں؟ اگر حکومت کي اب تک کي کارکردگي کو ديکھا جاۓ تو يقين کرنے کو دل نہيں کرتا۔ اسلۓ کہ اب تک کسي بھي قسم کا حساب پيش نہيں کيا گيا۔ اس سے پہلے حکومت کو کتنا پيسہ دہشت گردي اور طالبان سے بے وفائي کے بدلے ميں ملا مگر حساب کتاب نہيں پيش کيا گيا۔ حکومت نے کس کس کو پلاٹ ديۓ کسي کو پتہ نہيں۔ حکومت جو دفاع پر پيسہ خرچ کرتي ہے اس کا حساب نہيں ديا جاتا۔ ناظمين کو جو فنڈ ملے ان کا حساب کہاں گيا۔
اب زلزلہ زدگان کي مدد اور آبادکاري کيلۓ حکومت نے پہلے چودہ وزرا کي کميٹي قائم کي اور بعد ميں چار اور وزير شامل کرلۓ۔ کيا يہ سب لوگ حساب کتاب رکھنے کيلۓ اکٹھے کۓ گۓ ہيں يا حساب کتاب آپس ميں بانٹنے کيلۓ۔
غريب ملکوں ميں جب بھي آفت آئي ہے يہ اميروں کيلۓ ايک نعمت ثابت ہوئي ہے۔ پاکستان ميں بھي اب تک ايسا ہي ہوتا آيا ہے۔ بھٹو دور ميں سيلاب زدگان کي امداد کا ساماں ہڑپ کيا گيا۔ پھر ضيا دور ميں افغانستان کي جنگ کا مال خرد برد کرنے کے بعد اوجڑي کيمپ کو آگ لگا کر سارے ثبوت جلا ديۓ گۓ۔ نوازشريف اور بےنظير کے دونوں ادوار ميں کشمير کي آزادي اور قوم کے قرض کے نام پر پيسہ ہڑپ کيا گيا۔ يہاں تک کہ ايٹمي دھماکے کي آڑ ميں لوگوں کے فارن کرنسي اکاؤنٹ منجمد کردۓ گۓ اور ان کو بعد ميں صرف روپوں ميں ادائيگي کي گئ۔ اب دہشت گردي کے نام پر مال اکٹھا کرنے کے بعد قوم کے نمائيندوں کي پھر لاٹري نکل آئي ہے۔
صدر مشرّف بھي اب پہلے حاکموں کي طرح جاگيرداروں اور صنعت کاروں کے نرغے ميں ہيں اور ان کا پيٹ بھرنے کيلۓ ان کو پتہ نہيں کيا کيا جتن کرنے پڑ رہے ہيں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے فوجي جرنيلوں کو بھي خوش رکھنا ہے اور اسي لۓ ملک ميں کوئي محکمہ ايسا نہيں جس کا سربراہ فوجي نہ ہو۔ يہاں تک کہ زلزلہ زدگان کي امداد کيلۓ قائم کۓ گۓ محکمے فوجيوں کے حوالے کرديۓ گۓ ہيں۔ اب کيا وہ حساب کتاب ديں گے کبھي نہيںکيونکہ اگر انہوں نے حساب کتاب رکھا تو پھر ان کا پيٹ نہيں بھر سکے گا۔
اے خدا جو بھي غريوں کا مال ہضم کرے اس کا گھر جلا دے
اے خدا جو عوام کا پيسہ خرد برد کرے تو اس کو ہلاک کردے
اے خدا جو پاکستان سے غداري کرے اس کا چہرہ داغدار کردے
اے خدا جو اپنے عوام سے دھوکہ کرے تو اس کو ذلت کي موت دے
اے خدا جو زلزلہ زدگان کے مال ميں کمي بيشي کرے تو اس کو اس کے گھر ميں دفن کردے
اے خدا جو اپنے بہن بھائيوں کا مال ہڑپ کرے تو اس کو کنگال بنا دے۔
اے خدا غريبوں کي غيرت جگا تاکہ وہ اپنے حقوق کيلۓ لڑ سکيں
آمين