آج ٹونٹی ٹونٹی کے سپر ایٹ کے ایک میچ میں پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو ہرا کر ایک تو اس کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور دوسرے اپنے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید جگائے رکھی۔ اب سارا انحصار نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے میچ کے نتیجے پر ہے۔ اگر انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ہرا دیا تو پھر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا وگرنہ نیوزی لینڈ کھیلے گا۔

امید تو یہی ہے کہ انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا دے گا مگر دو چیزیں اس راہ میں رکاوٹ ہیں، ایک پیٹرسن کا نہ کھیلنا اور دوسرے جان بوجھ کر میچ ہار جانا۔ پیٹرسن کی کمی ہو سکتا ہے بوپارہ پوری کر دے مگر جان بوجھ کر ہارنے میں بھی ایک رکاوٹ ہے۔ یعنی اگر انگلینڈ ہار گیا تو سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ دوسرے گروپ کی مضبوط ٹیم آسٹریلیا سے بھی ہو سکتا ہے۔ اس مشکل سے بچنے کیلیے ہو سکتا ہے انگلینڈ اس میچ کو جیتنے کی کوشش کرے۔ اگر ہار کر بھی انگلینڈ ٹاپ پر رہتا ہے تو پھر امکانات ہیں کہ انگلینڈ جان بوجھ کر یہ میچ ہار کر پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کر دے۔ فیصلہ بس تین گھنٹے میں ہوا ہی چاہتا ہے۔ آپ دل پر ہاتھ رکھ کران لمحات کو گزاریں اور دعا کریں کہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی کوئی سبیل بن جائے۔ آمین