ہم اپنے بلاگ کا آغاز کرتے ہوئے مندرجہ ذیل عہد کرتے ہیں۔ دعا کریں کہ خدا ہمیں اپنے عہد پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔

ہم خدا کو حاضروناظر جان کر یہ قسم کھاتے ہیں کہ آج سے ہم پاکستان کی فلاح کیلیے کام کریں گے۔ آج کے بعد ہمارا کسی سیاسی اور مذہبی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہو گا اور ہماری رائے صرف اور صرف اخلاص اور نیک نیتی کی بنیاد پر ہوگی۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم آج سے اپنی ذات کو ایک طرف رکھتے ہوئے اپنے ملک پاکستان کے تابناک مستقبل کیلیے جو کچھ ہو سکا کریں گے۔

ہم یہ بھی عہد کرتے ہیں کہ آج سے ہماری نظر میں شیعہ سنی وہابی اور دوسرے فرقے سب برابر ہیں اور ہم کسی ایک کیساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھیں گے۔ آج سے ہم صرف اور صرف ان مسلمانوں کی ترجمانی کریں گے جو مغرب کے عتاب کا نشانہ بنے ہوئے ہیں اور جن کو مغرب نے ٹکڑوں میں تقسیم کر رکھا ہے۔ ہم مغرب کی اس سازش کو بے نقاب کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ہم کسی فرقے کیخلاف نہیں لکھیں گے اور ہمیشہ کوشش کریں گے کہ مسلمانوں کے اختلافی مسائل کو نہ چھیڑیں۔ ہم اتحاد بین المسلمین کیلے کوشش کرتے رہیں گے اور کبھی بھی اس سے روگردانی نہیں کریں گے۔

ہم عہد کرتے ہیں کہ کسی سیاسی جماعت کی طرفداری نہیں کریں گے اور ہر سیاسی جماعت پر تنقید یا اس کی تعریف اس کی کارکردگی کی بنا پر کریں گے۔

ہم عہد کرتے ہیں کہ ہم پاکستان میں آمریت کی کبھی حمایت نہیں کریں گے اور ہر فوجی حکومت کو ملک کیلیے زیرقاتل سمجھیں گے۔

ہم اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال دیں گے اور کسی بھی زاتی تنقید کا جواب نہیں دیں گے۔ کبھی اپنی شان میں نہیں لکھیں گے۔

اے خدا ہمیں اپنے عہد پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرما اور کبھی ایسی آزمائش سے دوچار نہ کرنا جس میں ہمارا عہد ٹوٹنے کا خدشہ ہو۔