بھارت نے پاکستان کیساتھ تاحال دبئی اور سری لنکا دونوں ممالک میں سیریز کھیلنے کی حامی نہیں بھری۔ تازہ اطلاعات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ حکومت کی اجازت کا انتظار کر رہا ہے۔ بھارت کا موقف یہ ہے کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاک بھارت سیریز کا بھارت میں انعقاد ممکن نہیں ہے۔ اسی وجہ سے بھارت پاکستانیوں کرکٹرز کو آئی پی ایل سے بھی دور رکھے ہوئے ہے۔ مگر اگلے سال بھارت میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بھارت کو پاکستانی ٹیم کی شرکت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ادھر ہماری حکومت ہے کہ وہ بھارت کی مکاریوں کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ ہونا تو  یہ چاہیے کہ دل پر پتھر رکھ کر ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے۔ بلکہ احتجاج کے طور پر تمام بھارتی چینل کی غیرقانونی ڈشیں بند کر دینی چاہئیں، بھارتی فلموں پر پابندی لگا دینی چاہیے اور بھارت سے تمام درآمدات پر پابندی لگا دینی چاہیے۔

مگر ہمارے کاروباری حکمران جن کے کاروبار کی شاخیں بھارت میں بھی پھیل چکی ہیں وہ اس محب الوطنی کا ثبوت کبھی نہیں دیں گے۔ وہ صرف فوج کی ہمدردی حاصل کرنے کیلیے 16 دسمبر 2014 کو آرمی سکول پر حملے کا دن منانے کا اعلان کریں گے مگر بجٹ میں تعلیم پر مخصوص رقم میں اضافہ نہیں کریں گے۔ ایسے دوغلے حکمرانوں کی وجہ سے ہی پاکستان تنزلی کا شکار ہے۔