ہماري نظر ميں تو پاکستان نے ٢٠٠٥ ميں معمول کے مطابق کھويا زيادہ ہے اور پايا کم ہے۔
ہم نے بحييثيت قوم جو سب سے زيادہ نقصان اٹھايا وہ ماہِ اکتوبر کا زلزلہ تھا۔ اس زلزلے نے جہاں ہزاروں انسانوں کي جانيں لے ليں اور لاکھوں کو بے گھر کر ديا وہيں بے ضميروں کيلۓ کاروبار بھي کھول ديا۔ حکومت کے وزيروں مشيروں نے اس کاروبار سے کافي مال بنايا ہو گا۔
اس کے علاوہ صوبوں کے درميان فاصلے گھٹنے کي بجاۓ بڑھتے ہي گۓ۔ کالا بغ ڈيم کے ايشو نے جو کمي رہتي تھي وہ بھي پوري کردي۔ بلوچستان ميں جاري حکومتي ايکشن نے بلوچي عوام کو بہت مايوس کيا۔
تيل کي قيمتيں طے کرنے کا جو فارمولا طے ہوا تھا اس سے دانستہ طور پر روگرداني کي گئ۔ اس نا انصافي نے حکومت کي بد نيتي کو اور واضح کر ديا۔ تيل کي قيمتوں کے بے تحاشہ بڑھنے کي وجہ سے مہنگائي کے سيلاب نے غريب عوام کا سارا خون چوس ليا۔
عورتوں کے حقوق کے سلسلے مين ہمارے ہي حليف ملکوں يعني امريکہ اور انگلينڈ کے پريس نے ہميں خوب بدنام کيا۔ ہماري حکومت اس سلسلے ميں صرف خاموش تماشآئي بني رہي۔ دوچار بڑے بڑے جرائم ميں حکومت نے معاملات آسان طريقے سے نمٹانے کيلۓ بڑے اوچھے فيصلے کۓ۔ ايک خاتون کو ملک سے باہر بھيج ديا گيا ۔ دوسري خاتون کے مجرموں کو ہائي کورٹ سے رہائي کے باوجود جيل ميں رکھا گيا۔ تيسري خاتون کے مجرم گرفتار ہوۓ مگر اب يہ کيس پسِ پردہ چلا گيا ہے۔ چوتھي خاتون کے مجرم کو پہلے گرفتار کيا گيا مگر بعد ميں جب کسي وجہ سے خاتون نے اپنا کيس واپس لے ليا تو مجرم کو رہا کر ديا گيا۔
حزبِ اختلاف بھي اپني حب الوطني نہ دکھا سکي اور سارا سال صرف خاموش تماشائي کا کردار ادا کرتي رہي۔ حزبِ اختلاف نے کئي دفعہ حکومت کے خلاف تحريک چلانے کا اعلان کيا مگر ناکامي کے سوا اسے کچھ نہ ملا۔ حزبِ اختلاف اپنے کسي خاص ايجنيڈے کا اعلان نہ کرسکي۔ بلدياتي انتخابات ميں حزبِ اختلاف کا اتحاد پارہ پارہ ہو گيا اور اسي وجہ سے حکومتي ارکان نے فتح حاصل کرلي۔ اس فتح کي بنياد پر حکومت اگلا اليکشن جيتنے کي کوشش کرے گي۔
حکومت بينظير اور نواز شريف کے خلاف ڈٹي رہي اور انہيں پاکستان آنے کي اجازت نہيں دي۔ يہ دونوں سياستدان باہر بيٹھ کر وہ کچھ نہ کرسکے جو ايم کيو ايم کے الطاف حسين نے کيا۔ الطاف حسين کا ٹيليفونک خطاب جاري رہا اور ايم کيو ايم نے اس سال اپني محنت اور اتحاد سے بہت کچھ حصل کيا۔ ايم کيو ايم نے زلزلہ زدگان کي دل کھول کر مدد کي۔ ذمني الليکشن جيتے ۔ حکومت ميں شامل بھي رہے اور حکومت کي مخالفت بھي کرتے رہے
ايم ايم اے کوئی خاص کارکردگي کا مظاہرہ نہيں کرسکي بلکہ اس کے اتحاد ميں مزيد دراڑيں پڑ گئيں۔ اب تو يہي خدشہ ہے کہ اگلے اليکشن ميں يہ اتحاد کہيں ٹوٹ ہي نہ جاۓ۔ اس سال حزبِ اختلاف نے کوئي ہوم ورک نہيں کيا اور کوئي ايجينڈہ قوم کے سامنے پيش نہيں کيا۔ ٹي وي پر خوب مباحثے ہوۓ مگر ہار کسي نے نہ ماني۔
کسي خفيہ ہاتھ کے اشارے پر ہم نے تعليمي نصاب ميں بہت ساري تبديلياں کيں اور يہ سلسلہ ابھي تک جاري ہے۔ اس نصاب ميں بناں سوچے سمجھے تبديلياں اس طرح کي گئيں کہ ايک کتاب ميں تو صدر بش کے بارے ميں ايک نظم بھي شامل کر دي گئ۔ اسلاميات اور مطالعہ پاکستان کو کالج کي سطح پر ختم کرنے کا فيصلہ کيا گيا۔ جہاد کے سارے مضامين نصاب سے غائب کرديۓ گۓ۔
سقافتي سطح پر حکومت نے کاميابي کے جھنڈے گاڑ ديۓ۔ ٹي وی چينلز کو کھلي چھٹي ديۓ رکھي جس کي وجہ سے ہمارے گھر روشن خيالي کے نام پر فحاشي کے اڈے بن گۓ۔ رہي سہي کسر انٹرنيٹ کي آزادي اور موبائل ٹيکنالوجي نے پوري کردي۔ حکومت اس جديد ٹيکنالوجي پر کوئي کنٹرول نہ کرسکي اور اسے ترقي کا ذريعہ بنانے ميں ناکام رہي۔
نيب کے ادارے کي کارکردگي صفر رہي۔ سال کے آخرميں ٩٩ لوگوں اور اداروں کے نام جاري کۓ گۓ جنہوں نے اپنے قرضے معاف کرواۓ اور يہ سب کچھ نيب کي موجودگي ميں ہوا۔
ہمارے صدر اور وزيرِاعظم نے غيرملکي دورے بے پناہ کۓ۔ اب ان دوروں کا فائدہ کسے ہوا يہ آنے والا وقت بتاۓ گا۔ عالمي ديشت گردي کي مہم کي وجہ سے غيرملکي سربراہ بھي پاکستان آتے رہے۔ ہم نے ان سے کيا پايا يہ کسي کو معلوم نہيں۔
اسلامي کانفرنس کا انعقاد صرف کاغزي کاروائي ثابت ہوا اور پاکستان کا کردار بھي اس ميں صفر رہا۔ ايک خفيہ ہاتھ کي مرضي پربند کمرے کے اجلاس ميں کيا فيصلے ہوۓ عوام کو معلوم نہيں۔ اختتامي اعلان ميں صرف اور صرف انتہا پسندي اور دہشت پسندي کے جاتمے کيلۓ مشترکہ کوششوں پر زور ديا گيا۔
ہم نے يہ سب کھونے کے باوجود کچھ پايا بھي ہے۔
حکومت نے بلدياتي انتخابات کرواۓ۔
زلزلہ زدگان کي امداد جاري رکھي اور اپني کوششوں سے بين الاقوامي کانفرنس بلا کر مزيد فنڈ اکٹھے کۓ گۓ۔
ملک سے انتہا پسندي کا خاتمہ کيا۔
افغان مہاجرين کو واپس بھيجنے کا سلسلہ جاري رکھا۔
پتنگ بازي پر سپريم کورٹ نےعارضي طور پر پابندي لگا دي۔
تعليم کي مد ميں حکومت نے بجٹ ميں زيادہ رقم مختص کي چاہے وہ آٹے ميں نمک کے برابر ہي تھي۔
ٹيلي کميونيکيشن کو عام کيا اور گھر گھر ٹيليفون کي سہولت پہنچا دي۔ ٹي وي کے بہت سارے چينلز کھولے گۓ اور ان پر حکومتي کنٹرول نرم رکھا گيا۔ ٹي وي پرحکومت کے خلاف لوگوں نے بڑھ چڑھ کر باتيں کيں اور پھر بھي آزاد پھرتے رہے۔
نج کاري کا عمل جاري رہا۔ اس کاروبار ميں بھي حکومتي ارکان نے خوب مال بنايا ہوگا مگر پھر بھي اس کا فائدہ عوام کو ہي ہوگا۔ اس نج کاري کي وجہ سے لوگوں کو سخت محنت کرنے کي عادت پڑے گي اور سرکاري اللے تللے کم ہوجائیں گے۔
ہماري کرنسي سارا سال مظبوط رہي اور اس ميں کوئي خاص اتار چڑھاؤ ديکھنے ميں نہيں آيا۔
ملک ميں پرائيويٹ تعليمي اداروں کے کھلنے کا عمل جاري رہا۔ مانا کہ تعليم ايک کاروبار کي شکل اختيار کرچکي ہے مگر اس کا فائدہ آخر ميںعوام کو ہي ہوگا۔ تعليم عام ہوگي تو ملک ترقي کرے گا۔
ہم نے جو کچھ پايا وہ صرف شخصي فوائد حاصل کرني کي کوششوں کے چکر ميں پايا يا پھر اپنے آقاؤں کے ايجينڈے پر عمل کرتے ہوۓ حاصل کيا۔ دانستہ طور پر حکومت کا رويہ عوم مخالف ہي رہا۔
ہم نے جو کچھ کھويا وہ ہماري خود غرضي اور لالچ کا شاخسانہ تھا۔ ہم نے صرف اپنے پيٹ کي فکر کي ملک کے بارے ميں بلکل نہيں سوچا۔ ہم بحيثيت قوم سست اور کاہل ہو چکے ہيں اور ہماري قومي بے حسي ہماري ترقي کي راہ ميں سب سے بڑي رکاوٹ ہے۔ اگر آج ہم قوم پرست اور مخلص ہوجائيں تو اگلے سال بہت کچھ کرکے دکھا سکتے ہيں۔
No user commented in " سال ٢٠٠٥ – کيا کھويا کيا پايا "
Follow-up comment rss or Leave a TrackbackLeave A Reply