کينيڈا کے ايک بڑے شہر ٹورانٹو سے 350 کلوميٹر کے فاصلے پر ايک چھوٹا سے شہر ونڈسر ہے جس کي آبادي دو لاکھ سے زيادہ ہے۔ ونڈسر ميں مسلمانوں کي تعداد بيس فيصد ہے اور کئي مساجد بھي ہيں۔ مسلمان زيادہ تر لبناني ہيں مگر بہت سارے دوسرے ملکوں کے مسلمان بھي يہاں آباد ہیں۔
ايک مسلمان تنظيم نے ايک فٹبال ٹورنامنٹ کا بندوبست کيا تاکہ ہر خطے کے مسلمانوں کو ايک دوسرے سے ملنے کا موقع مل سکے۔ ٹورنامنٹ سے پہلے انتظاميہ نے اصول و ضوابط کا اعلان کيا اور سب سے اہم اصول جس پر زور ديا گيا وہ مثالي کرداربننا يعني گالي گلوچ سے پرہيز کرنا تھا۔ اس کي سزا بھي کڑي رکھي گئ۔ پھر بعد ميں مسجد کے امام نے احاديث اور قرآن کي رو سے بتايا کہ مسلمان بغير کسي رنگ و نسل کے برابر ہيں اور ايک دوسرے کے بھائي ہيں۔ اسلۓ کوشش کي جاۓ کہ ميچوں کے دوران ايک دوسرے کي دلآزاري نہ ہو بلکہ ہم نۓ دوست بنا سکيں۔
ٹورنامنٹ کے سارے ميچ بڑے اچھے ماحول ميں ہوۓ اور دنيا کے مختلف خطوں سے آۓ ہوۓ مسلمان ايک دوسرے ميں گھل مل گۓ۔ اس ٹورنامنٹ ميں صومالي، لبناني، پاکستاني، نائجيرين، ليبين، بوزنين وغيرہ وغيرہ ٹیميں حصہ لے رہي تھيں۔ ميچ کے سيمي فائنل ميں صومالي ٹيم کے کھلاڑيوں نے ايک آدھ دفعہ گندي زبان استعمال کي مگر پاکستاني ٹيم نے اسے درگزر کيا۔ جب فائنل ميچ صومالي ٹيم کا ليبين کيساتھ شروع ہوا تو صومالي ٹیم نے برتري حاصل کرلي۔ ابھي ميچ ختم ہونے میں دس منٹ باقي تھے کہ صوماليوں کي گالي گلوچ کچھ زيادہ ہي بڑھ گئ۔ نوبت يہاں تک پہنچي کہ ان کے کھلاڑيوں نے ريفري کو بھي گالي دے دي۔ اس کے بعد ريفري نے ايک کھلاڑي کو سرخ کارڈ دکھا کر ميچ سے باہرکر ديا۔ سرخ کارڈ کے بعد صومالي کھلاڑي نے ريفري کو ايک مکا جڑ ديا اور ميچ بدنظمي کا شکار ہوگيا۔ آخر کار ريفري اور پھر انتظاميہ نے صومالي ٹيم کو ٹورنامنٹ سے باہر نکال ديا اور جو ٹيم ہار رہي تھي اسے ونر قرار دے ديا۔
اس ساري صورتحال پر انتظاميہ کو بہت شرمندہ ہونا پڑا اور جو مقصد اس ٹورنامنٹ کا تھا وہ پورا نہ ہوسکا۔ يعني بھائي چارے کي فضا قائم نہ رہ سکي اور لڑائي جھگڑے کي سياست حاوي ہوگئ۔
اس طرح کي صورتحال سے آج کل مسلمان دوچار ہيں۔ ہم ميں برداشت بلکل ختم ہوچکي ہے اور اسي مقام پر بدلہ لينا اور وہ بھي اپنوں سے ايک عادت بن چکي ہے۔ شائد يہي وجہ ہے کہ ہم منتشر ہيں اور ايک مزہب ہونے کے باوجود بہت سارے ملکوں ميں تقسيم ہوکر اپني طاقت ضائع کررہےہيں۔ يہي وجہ ہے کہ ہميں دوسرے الگ الگ کر کے تباہ کررہے ہيں اور باقي يہ سمجھ کر دور سے تماشہ ديکھ رہے ہيں کہ ہماري باري نہيں آۓ گي۔
2 users commented in " خيال جو حقيقت نہ بن سکا "
Follow-up comment rss or Leave a Trackbackخوب عکاسی کی ہے آپ نے، نہ جانے اقبال کا یہ خواب کب سچ ہو گا کہ
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے
نیل کے ساحل سے لےکر تابخاک کاشغر
يہ ايک خوبصورت زندہ مثال ہے ہمارے اندر کی بدصورتی کی جو دين سے دُوری کے باعث ہم ميں جڑ پکڑ چکی ہے ۔
Leave A Reply