ہمیں بھی ایک دور میں فوٹوگرافی کا بہت شوق تھا اور ان تصاویر کی ایک سے زیادہ البم ہمارے پاس اب بھی موجود ہیں۔ تمام تصاویر میں دو ہماری فوٹوگرافی کا شاہکار ہیں۔ ایک میں ہمارے ایک دوست جنہوں نے ٹنڈ کرا رکھی تھی سورج مکھی کے پھول کے پاس کھڑے تھے کہ ہم نے تصویر کھینچ لی۔ ان کی ٹنڈ اور سورج مکھی کے پھول کا امتزاج بہت بھلا لگا تھا مگر افسوس وہ تصویر ہمیں مل نہیں پائی۔

کچھ عرصہ قبل ہم ایک عزیز سے ملنے گاؤں گئے تو ایک جگہ گدھے کو دیکھ کر ہمارے بچے اس پر سواری کی ضد کرنے لگے۔ لیکن جب گدھے کے پاس پہنچے تو بچے گدھے سے ڈر گئے۔ ایک مقامی سکول ماسٹر جو یہ تماشا دیکھ رہے تھے بچوں کا ڈر دور کرنے کیلیے گدھے پر جا بیٹھے۔ وہ جونہی گدھے پر بیٹھے، ہم نے کیمرہ نکال لیا۔ انہوں نے کیمرہ دیکھتے ہی گدھے سے یہ کہ کر چھلانگ لگا دی کہ ان کی تصویر نہ بنانا۔ لیکن اس دوران کیمرہ حرکت میں آ چکا تھا اور ان کی تصویر چھلانگ کی تیاری کرتے ہوئے ہمارے کیمرے میں محفوظ ہو گئی۔

scan0005