مسلم لیگ ن کی حکومت نے آتے ہی بجلی اور گیس چوروں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے اور ہم اس مہم کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ مگراس مہم کی سو فیصد کامیابی کیلیے مسلم لیگ ن کی حکومت کو مندرجہ ذیل اقدامات کرنا ہوں گے۔
گیس اور بجلی چوری کی اس مہم میں ابھی تک کوئی حکومتی اور اس کی اتحادی شخصیت نہیں پکڑی گئ۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ بلاتفریق بجلی اور گیس چوروں کیخلاف کاروائی کرے بلکہ اگر چند حکومتی اور اتحادی بجلی اور گیس چوروں کی پکڑ کے بعد میڈیا پر تشہیر کریں تو یہ اس مہم کیلیے بہت ممدومعاون ثابت ہو گی۔
حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردی کی طرح بجلی اور گیس چوروں کے مقدمات نمٹانے کیلیے خصوصی جج مقرر کرے جو ثبوت ملنے پر فوری طور پر مجرموں کو سزا دیں بلکہ ہم تو تجویز پیش کریں گے کہ ایسے مجرمین کو میڈیا کے سامنے کوڑوں کی سزا دی جائے تا کہ باقی چور عبرت حاصل کریں۔
بجلی اور گیس چوری کو پکڑنے کیلیے حکومت کو چاہیے کہ پبلک کی خدمات حاصل کرے اور مخبروں کیلیے انعامات کا اعلان کرے۔
بجلی اور گیس چوروں کی پکڑ کی وجہ سے ماہانہ بچت اور اس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ میں کمی کا حساب کتاب حکومت عوام کے سامنے پیش کرے۔