یہ دو ہفتے امریکہ کی آٹو انڈسٹری بند ہے بلکہ بڑی بڑی فیکٹریاں تو ایک ماہ کیلیے بند ہیں۔ اس فرصت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم نے نئے گھر میں منتقل ہونے کا فیصلہ کیا اور تئیس تاریخ کو ہم اپنے نئے گھر میں شفٹ ہو گئے۔

گھر بدلنے کیلیے سب سے پہلا مرحلہ سامان منتقل کرنے کا تھا جس کی لسٹ شیطان کی آنت کی طرح بہت لمبی تھی۔ بہرحال ہمارے سامنے تین راستے تھے۔ سامان شفٹ کرنے والی کمپنی سے مدد، خود انحصاری یا پھر سامان لوڈ اور ان لوڈ کرنے والوں سے مدد اور خود ٹرک ڈرائیو کرنے کا خیال۔ ہم نے آخری راستہ چنا کیونکہ پہلا راستہ بہت مہنگا اور دوسرا راستہ افرادی قوت کی کمی کی وجہ سے ناقابل عمل تھا۔ چونکہ ہم نے بین الاقوامی باڈر پار کرنا تھا اسلیے سامان لے جانے والی کمپنی کو بہت سارے لوازمات پورے کرنے تھے جس کے انہوں نے چھ ہزار ڈالر مانگے تھے۔ ہم خود کسرتی جسم نہ ہونے کی وجہ سے سامان اٹھانے کا رسک نہیں لینا چاہتے تھے اور اپنی فیملی کیلیے یہ کام بہت زیادہ تھا۔

ہم نے ٹرک لوڈ کرنے کیلیے ایک کمپنی کی مدد لی جس کے دو آدمی آئے اورانہوں نے دو گھنٹوں میں سامان 26 فٹ یوہال ٹرک میں لوڈ کر دیا۔ ان کو ہم نے دو سو تراسی ڈالر مزدوری اور سترہ ڈالر ٹپ دی۔ برف باری میں ٹرک ڈرائیو کیا، بارڈر پر کاغذات بنوائے اور اپنے گھر بخیروعافیت پہنچ گئے۔ ہم نے جس کمپنی سے بیسمینٹ بنانے کا ٹھیکہ کر رکھا ہے اسی کمپنی کے عربی مالک نے ہمیں تین عربی مزدور دیے جنہوں نے سامان ٹرک سے گھر منتقل کر دیا۔ ان کی مزدوری ایک سو بیس ڈالر بنتی تھی مگر ہم نے انہیں ایک سو پچاس ڈالر دیے کیونکہ انہوں نے کام بڑی مستعدی اور دیکھ بھال سے کیا تھا۔

اب تین دن سے ہم سامان کو اپنی جگہ پر رکھنے میں لگے ہوئے ہیں اور سامان ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔ چونکہ چند ماہ سے ہم نے ورزش بھی چھوڑ رکھی ہے جس کی وجہ سے جسم جلد تھک جاتا ہے۔

گھر منتقل کرتے ہوئے جو ہم نے سیکھا اس کا خلاصہ اس طرح ہے۔

پرانے گھر کے بجلی، پانی، گیس، کیبل، انٹرنیٹ، ٹیلی فون وغیرہ کے کنیکشن بند کرا دیں یا پھر اپنے نئے گھر منتقل کرا دیں۔

کریڈٹ کارڈز کے پتے تبدیل کریں۔

ڈاکخانے میں اپنی ڈاک نئے گھر بھیجنے کا بندوبست کریں۔

سامان گھر بدلنے سے ایک ہفتہ پہلے ہی پیک کرنا شروع کر دیں۔

بیکار سامان وہیں پر تلف کر دیں یا پھر گیراج سیل میں بیچ دیں۔ ہم نے ویسے پرانا سامان ایک مستحق عورت کو دے دیا ہے۔

بچوں کے نئےسکولوں میں داخلوں کا بندوبست ساتھ ساتھ کریں۔

گھر بدلنے کے بعد سب سے پہلے اپنے ڈرائیونگ لائسینس کا پتہ بدل لیں یا پھر نیا لائسینس بنوا لیں۔

دو تین دن کھانا باہر کھانے کی تیاری پکڑ لیں۔

نئے گھر میں تمام کنیکشنز منقتل ہونے سے پہلے لگوا لیں تا کہ پہلے دن ہی آپ کو تمام سہولتیں میسر ہو جائیں۔

امریکہ منتقل ہوئے ہیں تو سب سے پہلے سوشل سکیورٹی کارڈ بنوائیں۔