جب سے ہم نے پڑھا ہے کہ ایس اینڈ پی نے انڈیا کی ریٹنگ نیگیٹو سے سٹیبل کر دی ہے ہم یہ سوچ رہے ہیں کہ پاکستان میں کیا کمی ہے جو وہ اتنی ترقی نہیں کر رہا جتنی انڈیا کر رہا ہے۔ انڈیا کی معیشت چین کے بعد سب سے زیادھ تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ انڈیا کی آبادی اگر سوا ارب ہے تو پاکستان کی آبادی بھی بیس کروڑ سے زیادہ ہے۔ آج کل پاکستان میں جس شہر میں بھی چلے جائیں عوام ہی عوام نظر آتے ہیں۔

انڈیا اور پاکستان ایک ہی خطے میں واقع ہیں ان کے عوام کا رہن بھی ایک جیسا ہے۔ تعلیم بھی ایک جیسی ہے اور حکومتی لیول پر کرپشن میں بھی دونوں برابر ہیں، تو پھر فرق کہاں پر ہے۔

کیا پاکستان اور انڈیا میں یہ فرق ہے کہ ہمارا وزیراعظم کم پڑھا لکھا اور انڈیا کا وزیراعظم زیادہ پڑھا لکھا ہے؟ ویسے تو پاکستانی وزیراعظم کی بجائے صدر کا انڈین وزیراعظم سے موازنہ کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان میں صدر زرداری ہی حکومت چلا رہے ہیں۔

ہو سکتا ہے انڈیا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم ہوتی ہو یا ہو سکتا ہے وہاں پر غیرملکیوں کا عمل دخل کم ہو۔ یہ بھی ہو سکتا ہے وہاں پر اندسٹری زیادہ لگ رہی ہو۔ کہیں کوئی نہ کوئی فرق تو ہو گا ہی۔ ہمارے قارئین ہماری اس مشکل کا حل پیش کر سکتے ہیں کہ پاکستان انڈین کے مقابلے میں کیوں پیچھے رہتا جا رہا ہے؟