عمران خان کے ایک اور فلاح منصوبے نمل کالج کا افتتاح کل وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں میں ہوا۔ اس تقریب میں وزیرتعلیم اور دوسرے سرکاری اہلکار بھی شامل تھے۔ وزیراعظم نے نمل کالج کیلیے کروڑوں روپوں کی امداد کا بھی اعلان کیا اور نمل جھیل پر تفریحی مقام بنانے کا بھی ارادہ ظاہر کیا۔ وزیراعظم کی موجودگی کے باوجود یہ تقریب خاموشی سے سرانجام پائی، نہ الیکڑانک میڈیا نے اس کی طرف دھیان دیا اور نہ ہی اخبارات نے اسے کوئی اہمیت دی۔ اس کی وجھ شاید حکومت کا دباؤ بھی ہو کیونکہ حکومت نہیں چاہے گی کہ عمران خان کو کسی بھی طرح کوئی سیاسی فائدہ پہنچے۔

نمل کالج کے منصوبے کا اعلان عمران خان نے پچھلی دفعہ اپنی انتخابی مہم کے دوران کیا تھا جو آخرکار شروع ہو ہی گیا۔ عمران خان چونکہ بریڈ فورڈ یونیورسٹی جو لندن کی مشہور یونیورسٹی ہے کے اعزازی چانسلر بھی ہیں اس لیے انہوں نے بریڈ فورڈ یونیورسٹی سے نمل کالج کے قیام کیلیے تعاون حاصل کیا۔ بریڈ فورڈ یونیورسٹی نے اس کالج کو ایسوسی ایٹ کالج کا درجہ دیا ہے۔

عمران خان کا ارادہ ہے کہ ایک دن نہ صرف نمل کالج کو یونیورسٹی میں بدل دیا جائے بلکہ اس جگہ کو بہت بڑا اور عالی شان تعلیمی شہر بنا دیا جائے۔ ہماری دعا ہے کہ خدا عمران خان کی اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے میں اس کی مدد کرے۔ عمران خان جس طرح ابھی تک شوکت خانم ہسپتال کو چلا رہے ہیں امید ہے نمل کالج بھی ان کی ایسی ہی انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے ایک دن پاکستان کا جدیدترین تعلیمی ادارہ بن جائے گا۔

عمران خان نے اس منصوبے کیلیے بریڈفورڈ یونیورسٹي کے ہی ایک قابل منتظم ڈاکٹر محمد خورشید خان کو منتخب کیا اور انہیں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا کام سونپ دیا۔ امید ہے ڈاکٹر صاحب کا تعلیم کے میدان میں وسیع تجربہ نمل کالج کی ترقی میں ممدومعاون ثابت ہوگا۔

نمل کالج کے فلاحی منصوبے میں ہاتھ بٹانے کیلیے مندرجہ ذیل پتے پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

میانوالی ڈویلپمنٹ پروجیکٹ

پوسٹ آفس باکس 1594، جی پی او اسلام آباد، پاکستان

011-91-51-2270744

منصوبے کی مزید تفاصیل نمل کالج کی ویب سایٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔