ہم نے ایک دفعہ بہترین اردو بلاگ ایوارڈ کی تجویز پیش کی اور ہماری درخواست پر منظر نامہ والوں نے کافی سوچ بچار اور محنت کے بعد اسے عملی جامہ پہنا دیا۔ منظرنامہ والوں نے بہت سارے بکھیڑے پال رکھے ہیں اور ان میں ایک اور کا اضافہ کوئی آسان کام نہیں تھا مگر ہم ان کی ہمت کی داد دیتے ہیں جنہوں نے اردو بلاگ ایوارڈ کا بیڑہ اٹھایا۔

ان ایوارڈ کے اجرا کی مخالفت میں جو سب سے زیادہ دلیل پیش کی گئی وہ اردو بلاگز کی محدود تعداد کے ہوتے ہوئے ایوارڈ کی افادیت میں کمی ہونا تھی۔ دوسرے یہ بھی کہا گیا کہ اس طرح اردو بلاگرز کے بیچ محبت کی بجائے مخاصمت بڑھنے کے زیادہ امکانات ہوں گے۔ مگر آخر میں دوسرا گروپ جیت گیا جس کے خیال میں اردو بلاگ ایوارڈ کے اجرا سے بلاگرز کو اپنے بلاگز مزید بہتر بنانے کی تحریک ملے گی اور اس طرح اردو بلاگز کی ترقی میں یہ ایوارڈ اپنا کردار ادا کریں گے۔

یہ طریقہ نہ صرف کھیل کے میدانوں میں موثر ثابت ہوا ہے بلکہ کاروباری زندگی میں اس کے فوائد دیکھے جا سکتے ہیں۔ کام پر لوگوں کو بونس کا لالچ، کاروبار میں بچت کی تجاویز پر انعامات اسی سلسلے کی کڑیاں ہوتی ہیں۔

اب قارئین سے گزارش ہے کہ وہ اس لنک پر جا کر ووٹ دیں اور اس سلسلے کو کامیاب بنائیں۔ امید ہے کم از کم اردو بلاگرز اور ان کے قارئین تو ضرور ووٹ ڈالیں گے اور اسے کامیاب بنا کر منظرنامہ والوں کو ان کی محنت کا صلہ دیں گے۔