کل پوری دنیا کے اہم مقامات پر ایک گھنٹہ کیلیے روشنیاں بجھا کر زمین سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ جتنی زمین سے محبت پاکستان کو ہے کسی اور ملک کو نہیں ہے۔ اس محبت کی ایک سے زیادہ وجوہات ہیں۔

اس محبت کا ہی نتیجہ ہے کہ پاکستان میں دنیا میں سب سے زیادہ دیر تک روشنیاں بجھی رہتی ہیں کیونکہ جہاں لودشیڈنگ بارہ سے اٹھارہ گھنٹے ہو گی وہاں روشنی خاک ہو گی۔

بھارت نے پاکستان کا پانی روک کر پاکستان کی زمین سے محبت میں اور اضافہ کر دیا ہے یعنی نہ کاشتکاری ہو گی اور نہ زمین کو غلہ اگانے کیلیے تکلیف برداشت کرنا پڑے گی۔

زمین سے پاکستان کی محبت میں دہشت گردی کی جنگ نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔ روزانہ ڈرون حملوں، خودکش حملوں اور فوج کشی میں درجنوں انسانوں کی قربانی دے کر زمین کا بوجھ ہلکا کیا جا رہا ہے۔

محبت صرف غریب آدمی کیلیے بنائی گئی ہے یہی وجہ ہے محبت اور عشق میں سب سے زیادہ قربانی غریب آدمی ہی دیتا ہے۔ لوڈشیڈنگ، دہشت گردی، مہنگائی کا شکار غریب آدمی ہو رہا ہے۔ امیر آدمی تو زمین کی محبت میں ایک گھنٹہ اپنے گھر کی روشنیاں بجھا کر فارغ ہو جاتا ہے یہ غریب ہی ہے جو سارا سال زمین سے محبت کرتا رہتا ہے۔