ہمارے بلاگ کا ظہور ہوۓ پورا ايک سال ہو گيا ہے۔ ہماري عرصہ دارز سے کوشش تھي کہ ہم اردو ويب سائٹ بنائيں مگر کاميابي نہيں ہوپارہي تھي۔ آخر تلاش کرتے کرتے ہميں قدير احمد رانا کا بلاگ مل گيا اور ہم نے ان سے مدد کي درخواست کي۔ قدير صاحب بھلے مانس آدمي نکلے اور انہوں نے ہماري قيمت ادا کرنے کي آفر ٹھکرا کر في سبيل اللہ مدد کا بيڑا اٹھايا اور چند دنوں ميں ہماري ويب سائٹ کھڑي ہي نہيں کردي بلکہ اسے بلاگ سپاٹ سے ورڈ پريس پر منتقل بھي کرديا۔ وہ دن اور آج کا دن ہم تواتر سے اپنے دل کي بھڑاس نکال رہے ہيں اور وہ بھي ايسي جگہ پر جہاں کوئي روک ٹوک نہيں ہے۔

ايک وقت تھا جب صرف کالم نگاروں کي تحريريں پڑہي جاسکتي تھيں اور اب ہر کوئي لکھ سکتا ہے اور اس کا مواد نيٹ پر ہر ايک کيلۓ دستياب ہے۔ يہ انقلاب صرف چند سالوں ميں رونما ہوا ہے۔ اردو کي بلاگنگ تو ابھي کل کي بات لگتي ہے۔ اس کے پھيلاؤ کي رفتار سست ضرور ہے مگر لکھنے والوں کي تعداد ميں اضافہ ہي ہورہا ہے۔

ہم نے اردور بلاگنگ کميونٹي سے بہت کچھ سيکھا ہے۔ سب سے بڑي بات يہ کہ آپ کي بات تحمل سے سني جاتي ہے اور پھر اس پر راۓ بھي معقول انداز ميں دي جاتي ہے۔ اگر آپ کي لگن سچي ہے تو پھر آپ کے بہت سارے مہربان آپ کي مدد کو تيار رہتے ہيں جو آپ کي حوصلہ جوئي بھي کرتے ہيں اور ساتھ ساتھ تصحيح بھي۔

ہم چونکہ ايک عام سے لکھاري ہيں جن کا اردو ادب سے دور کا بھي واسطہ نہيں ہے اسلۓ ہميں معلوم ہے کہ ہماري املا میں بہت ساري غلطياں نہيں بلکہ غلطان ہوتے ہيں مگر اپنا محاسبہ ساتھ ساتھ کرنے کي کوشش کرتے رہتے ہيں۔ قارئين اور دوست احباب کي مہرباني ہے جو وہ ہماري املا کي غلطيوں پر لعن طعن نہیں کرتے اور کبھي کبھار تصحیح بھي کرديتے ہيں۔

ايک اور غلطي جو ہم سے سرزد ہورہي ہے وہ ہے تاريخي واقعات کے نمبروں کا ہير پھير۔ مگر شکر ہے کچھ مہربان ہميں ايسے ملے ہوۓ ہيں جو اسي وقت کان سے پکڑ کر ہميں سيدھي راہ پر لے آتے ہيں۔ ہماري اب پوري کوشش ہوتي ہے کہ حقائق لکھنے سے پہلے ان کي جانچ پڑتال ضرورکر ليا کريں۔ اس کے باوجود اگر کہیں تاريخي حقائق غلط چھپ جائيں تو براہِ مہرباني ہميں اطلاع کرتے رہيۓ گا۔ ہم اس بات کا برا نہيں منائيں گے بلکہ احسان مند ہوں گے۔

شعروشاعري کا بھي شوق ہے مگر چونکہ پيشہ ور شاعر نہیں ہيں اسلۓ ہماري شاعري اگرچہ قافيہ رديف کي پابند لگتي ہے مگر وزن ميں ٹھيک نہيں ہوتي اسلۓ اسے آزاد شاعري سمجھ کر پڑھ ليا کريں اور اشعار کے وزن کي غلطي درگزر کر ديا کريں۔

آخر میں ہم پھر اپني اردو بلاگنگ کميونٹي کے ممبران کا شکريہ ادا کرتے ہيں جو ہامري راہنمائي کررہے ہيں اور عمدہ تحريروں سے ہماري اردو ادب کي پياس بجھا رہے ہيں۔ ہم تکنيکي مدد کيلۓ قدير احمد رانا، ذکريا اجمل اور اسما مرزا کےخصوصي طور پر شکر گزار ہيں جن کي مدد کے بغير ہم يہ حقيرسا بلاگ شائد نہ بنا پاتے۔