پاکستان کے بعد امریکہ میں بھی ایک ڈبل شاہ پکڑا گیا ہے۔ جس طرح امریکہ کا پاکستان کیساتھ کوئی موازنہ نہیں ہے اسی طرح امریکی ڈبل شاہ کا پاکستانی ڈبل شاہ کیساتھ کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستانی ڈبل شاہ نے زیادہ تر معصوم اور بھولے لوگوں کو لوٹا مگر امریکی ڈبل شاہ نے بڑے بڑے بینکوں، فلاحي اداروں اور معاشیات کے گروؤں کو چکما دے دیا۔ کہتے ہیں بہت سارے افراد امریکی ڈبل شاہ کے قریبی جاننے والے تھے۔ لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ امریکی ڈبل شاہ کے قریبی جاننے والے بھی اس جرم میں ملوث ہوں۔

حیرانی کی بات یہ ہے کہ دونوں ڈبل شاہوں کا طریقہ واردات ایک جیسا تھا۔ اب یہ کہنا مشکل ہے کہ کس ڈبل شاہ نے دوسرے کو کاپی کیا۔ زیادہ امکان یہی ہے کہ امریکی ڈبل شاہ نے پاکستانی ڈبل شاہ کا پلان کاپی کیا ہو گا کیونکہ پاکستانی ڈبل شاہ کا پلان امریکی ڈبل شاہ سے پہلے منظرعام پر آ چکا تھا۔

پاکستانی ڈبل شاہ نے پاکستان کے حجم کے مطابق ایک دو ارب کا فراڈ کیا اور امریکی ڈبل شاہ نے امریکی حجم کیمطابق پچاس بلین ڈالر کا فراڈ کیا اور اس طرح پاکستانی ڈبل شاہ کی طرح وہ بھی امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑا انفرادی فراڈ کا چیمپئین قرار پایا۔

پاکستانی ڈبل شاہ دو سال گزرنے کے باوجود بناں جرم ثابت ہوئے جیل میں بند ہے یعنی ابھی تک اسے سزا نہیں ہوئی۔ لیکن ہمیں یقین ہے کہ امریکی ڈبل شاہ ایک سال کے اندر اندر اپنے انجام کو پہنچ جائے گا۔

پاکستانی ڈبل شاہ ابھی تک سزا سے کیوں بچا ہوا ہے یہ وہی جانتا ہے یا اس جیسی عادتوں والی موجودہ حکومت۔