منظر نامہ والوں نے بلاگرز کو اس موضوع پر اظہار خیال کرنے کی دعوت دی ہے اور ہم نے سوچا چلیں ہم ہی پہل کرتے ہیں۔ بلاگنگ کی تکنیکی تعریف اور تاریخ تو بلاگر درویش نے اپنی ایک پوسٹ میں بیان کر ہی دی ہے اسلیے اب اگر کچھ کہنے کو بچا ہے تو وہ ہے “ہماری نظر میں بلاگنگ کیا ہے؟”۔

ہم سمجھتے ہیں کہ بلاگنگ اظہار کا ایسا ذریعہ ہے جس میں کوئی روک ٹوک اور شرم و حیا نہیں ہے۔ ہاں اچھے بلاگر کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنا محاسبہ خود کرے اور اپنے بلاگ کیلیے اصول و ضوابط طے کرے ۔ اور پھر ان پر ساری عمر عمل بھی کرے۔ بلاگ پر آپ جو منہ میں آئے لکھیے مگر تنقید کیلیے بھی تیار رہیے کیونکہ آپ پبلک فورم پر اظہار خیال کر رہے ہیں اور آپ کے قارئین میں انتہائی پڑھے لکھے سمجھدار سے لیکر انپڑھ جاہل تک سبھی لوگ شامل ہوں گے۔ اسی لیے بلاگنگ میں سب سے زیادہ حوصلہ اور مستقل مزاجی درکار ہو گی۔ یعنی اگر آپ پر کوئی ذاتی تنقید کرتا ہے تو آپ اس کی گالیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اس کے اعتراضات کا جواب منطقی طور پر دیتے رہیں۔ ضروری نہیں کہ آپ کے خیالات سے سب قارئین متفق ہوں ہر کوئی اپنی الگ رائے رکھتا ہے۔ آپ کیلیے ضروری ہے کہ آپ قارئین کی رائے کا نہ صرف احترام کریں بلکہ ان کے خیالات سے اچھی باتیں سیکھیں۔

ہر پروجیکٹ کی طرح بلاگنگ شروع کرنے سے پہلے ہوم ورک کرنا ضروری ہے یعنی بلاگنگ کیوں کریں، کس موضوع پر کریں اور کس پلیٹ فارم پر کریں۔ دنیا کی طرح اب بلاگنگ کے موضوعات بھی بہت وسیع ہیں اور یہ ممکن ہی نہیں کہ آپ بہت سارے موضوعات پر ایک ساتھ بلاگنگ کر سکیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ ایک موضوع چن لیں۔ موضوع چننے کیلیے ضروری ہے کہ آپ کو اس سے دلچسپی ہو تا کہ آپ کی بلاگنگ میں دلچسپی قائم رہے۔ موضوع ایسا ہونا چاہیے جس سے آپ بھی سیکھیں اور آپ کے قارئین بھی۔ جتنا موضوع الگ تھلگ اور عام پبلک کی دلچسپی کا باعث ہو گا اتنا ہی آپ کا بلاگ سوسائٹی پر اثر انداز ہو گا۔

بلاگنگ میں ایک اصول بہت ہی ضروری ہے اور وہ ہے سچی اور کھری معلومات فراہم کرنا یعنی جو بھی بات آپ اپنے بلاگ پر کہیں وہ تحقیق اور چھان بین کے بعد کہیں تا کہ آنے والی نسلیں اس علم سے گمراہ ہونے کی بجائے کچھ سیکھ سکیں۔

انگریزی اردو بلاگنگ کا موازنہ اس وقت کرنا ہی بیکار ہے کیونکہ ابھی اردو بلاگنگ تعداد کے لحاظ سے انگریزی بلاگنگ سے بہت پیچھے ہے مگر بلاگنگ جس بھی زبان میں ہو اس کے اچھا اور کامیاب ہونے کا ایک ہی اصول ہے یعنی خاص موضوع پر خاص انداز میں اچھوتا اظہار خیال، جو آپ کو دوسروں سے الگ تھلگ اور منفرد ثابت کرے۔